من من اور ریاسین ماں بیٹی کے رول میں

کولکتہ 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ ماہ بنگالی اور ہندی فلموں کی مشہور اداکارہ سچترا سین کے انتقال کے بعد اُن کی بیٹی اور نواسی مون مون سین اور ریاسین اب پہلی بار فلمی پردے پر بھی ماں بیٹی کا رول کرتی نظر آئیں گی۔ 70 ء اور 80 ء کے دہے کی اِس کہانی کو کولکتہ کالنگ کا ٹائٹل دیا گیا ہے جو دراصل تین علیحدہ علیحدہ کہانیوں پر مشتمل ایک مکمل فلم ہوگی۔ فلم کے ڈائرکٹر مینک بھومک ہوں گے۔ اس موقع پر من من سین نے کہاکہ بھومک صاحب اس بات کے خواہاں تھے کہ میں اپنی بیٹی ریا کے ساتھ یہ فلم کروں۔ اُنھوں نے کہاکہ قبل ازیں اُنھوں نے ریا کے ساتھ ایک اشتہاری فلم کی تھی جبکہ رائما کے ساتھ اُنھوں نے ایک ٹیلی فلم میں کام کیا تھا اور پہلی بار ہم ایک ساتھ کسی فلم میں کوئی کردار نبھاتے ہوئے نظر آئیں گے۔ من من سین کا کہنا ہے کہ مذکورہ فلم میں اُن کا رول کوئی خاص نہیں ہے۔ لیکن آج کی نوجوان نسل سے وہ رول ضرور مربوط نظر آئے گا۔ ریاسین نے کہاکہ ہماری ایسی کوئی خواہش نہیں تھی کہ ایک ساتھ فلم کے پردے پر نظر آئیں لیکن کہانی چونکہ مینک بھومک کی ہے، لہذا ہم انکار نہیں کرسکے کیونکہ مسٹر بھومک خواتین کے موضوعات اور اُن کے مسائل پر مبنی فلمیں بہت ہی مؤثر انداز میں بناتے ہیں۔ ریاسین کی حال ہی میں ایک بنگالی فلم ’’جاتیسور‘‘ ریلیز ہوئی جس میں اُن کی اداکاری کی کافی ستائش کی گئی ہے۔