منی پور میں نقلی شراب سے 2ہلاک ، 40 کی حالت نازک

امپھال، 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) منی پور میں امپھال مغربی ضلع کے وانگوئی میں نقلی شراب کا استعمال کرنے سے دو افراد ہلاک اور تقریباً 40 کی حالت نزک بتائی جاتی ہے ۔ اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ وانگوئی میں کل ایک تقریب میں نقلی شراب کے استعمال کے بعد حالت بگڑنے سے تقریبا 40ً افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جن میں چھ کی حالت نازک تھی۔ اسی علاقے میں کچھ نوجوانوں نے بھی شراب کا استعمال کیا تھا جنہیں چکر آنے اور قے شروع ہونے کے بعداسپتال میں داخل کرایا گیا۔ علاج کے دوران وانگجام ھروجت اور اونام شیام نام کے دو نوجوانوں کی موت ہو گئی۔پولیس نے اس معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے ۔

اگرتلا ۔ اکھورا ریلوے پراجکٹ کیلئے حصول اراضی
اگرتلا۔30جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) 15کلومیٹر طویل اگرتلا ۔ اکھورا ریل پراجکٹ بنگلہ دیش ریلویز کو انڈین ریلویز سے مربوط کرے گا ۔ اس کیلئے آج حصول اراضی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور کلکٹر مغربی تریپورہ ملین رام ٹیک نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 257 خاندانوں کو 66 ایکڑ اراضی ریل پراجکٹ کیلئے حاصل کرنے کے مقصد سے مکتوبات روانہ کئے ہیں ۔ اگست کے ختم تک مزید مکتوبات روانہ کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت پہلے ہی 97.63 کروڑ روپئے جاری کرچکی ہیں تاکہ اراضی حاصل کی جاسکے ۔ رام ٹیک نے کہا کہ شمال مشرقی سرحدی ریلوے ہندوستان کی سرزمین پر ریلوے کو تحفظ فراہم کرنے کی پابند ہیں ۔ حکومت بنگلہ دیش نے بھی 70ایکڑ اراضی پراجکٹ کیلئے حاصل کرنا شروع کردی ہیں ۔ وزیر ریلوے سریش پربھو اور وزیر ریلوے بنگلہ دیش نجیب الحق نے مشترکہ طور پر گذشتہ سال 31جولائی کو پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا تھا ۔