منفی کردار کیلئے ششی کلا میری آئیڈیل : روہنی ہتنگڈی

ممبئی ۔ 4 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام )ہندی فلموں میں کیریکٹر رول کرنے والی روہنی ہتنگڈی نے حالیہ ملاقات کے دوران بتایا کہ فلم چالباز کے بعد جب لوگوں نے انھیں گاندھی میں کستوربا کے رول میں دیکھا تو وہ حیران رہ گئے تھے ۔ ایک خانگی تقریب میں شرکت کے وقت میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یوں تو انھوں نے متعداد رولز نبھائے ہیں لیکن چالباز میں اُن کا کردار منفی تھا جس کی ستائش کی گئی تھی ۔ روہنی کا کہنا ہے کہ منفی کرداروں کے لئے وہ ششی کلا کو اپنا آئیڈیل مانتی ہیں جس طرح ششی کلا پردے پر منفی کردار کرتی نظر اتی ہیں ، شائقین کا اُن سے نفرت کرنا ضروری ہوجاتا ہے اور یہی نفرت دراصل اداکار یا اداکارہ کی کامیابی ہے ۔ روہنی نے کہا کہ جب انھوں نے 70 ء کے دہے کی فلم نیل کمل میں للیتا پوار کے ساتھ ششی کلا کو دیکھا تو وہ سمجھ گئیں کہ اب فلم میں دونوں ماں بیٹیاں بہو وحیدہ رحمن پر بہت ظلم ڈھائیں گی اور فلم کی کہانی بھی کچھ اسی طرح ہے جسے دیکھ کر شائقین آنسو بہائے بغیر نہیں رہ سکے تھے ۔ رچرڈ آئین برو کی فلم گاندھی میں انھوں نے بین گنگسلے کے ساتھ کام کرنے کا انوکھا تجربہ حاصل کیا ۔ انھوں نے گاندھی جی کا کردار کچھ اتنی مہارت اور خوبصورتی سے ادا کیا تھا کہ اُن کے سامنے فلم کے تمام دیگر کردار پھیکے پڑ گئے تھے ۔ انھوں نے کہا کہ وہ فلموں میں اب بہت کم دکھائی دیتی ہیں جس کی وجہ گھریلو مصروفیات ہے۔