منشیات اسمگلنگ کیس، پاکستان کی برطانوی حکام کو تعاون کی پیشکش

اسلام آباد ۔ 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ایک سینئر عہدیدار نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کبھی یکطرفہ نہیں ہوتی اور لندن کے ہیتھرو ایرپورٹ پر پی آئی اے کی طیارہ میں منشیات لائے جانے کی جھوٹی خبرکی تحقیقات کیلئے برطانوی عہدیداروں سے تعاون کرنے کی پیشکش کی ہے۔ البتہ برطانوی حکام نے اس معاملہ میں کی گئی تحقیقات کی کوئی تفصیل نہیں بتائی جو برطانیہ کی نشینل کرائم ایجنسی کی جانب سے کی گئی تھی۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا جب 15 مئی کو پی آئی اے کی بوئنگ 777 کے لندن پہنچنے کے بعد طیارہ کے 14 رکنی عملہ کو یہ کہہ کر حراست میں لے لیا گیا تھا کہ طیارہ میں مبینہ طور پر منشیات لائی گئی ہے حالانکہ طیارہ کی تلاشی کے بعد منشیات برآمد نہیں ہوئی۔ انگریزی اخبار ڈان کی اطلاع کے مطابق وزیراعظم کے شہری ہوا بازی کے مشیر سردار مہتاب عباسی نے اس معاملہ کی تحقیقات کیلئے پاکستان کی جانب سے تعاون کی پیشکش کی ہے۔