مندر میں توڑ پھوڑ اور آتشزنی، عمران خان کا خاطیوں کیخلاف کارروائی کا حکم

اسلام آباد؍ کراچی۔6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ سندھ میں شرپسندوں نے ایک ہندو مندر میں توڑ پھوڑ کی اور ان کی مقدس کتابوں اور مورتیوں کو آگ لگا دی جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اس واقعہ کی شدید مذمت کی اور حکم دیا کہ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ یاد رہے کہ واقعہ گزشتہ ہفتہ خیرپور ڈسٹرکٹ کے مستقر کمب میں رونما ہوا تھا۔ شرپسند حملہ کے بعد وہاں سے فرار ہوگئے تھے۔ عمران خاں نے منگل کی شب ٹوئیٹ کرتے ہوئے صوبائی حکام کو ہدایت کی کہ مندر میں توڑ پھوڑ اور آتشزنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ بھی ہوا، وہ انتہائی افسوسناک اور قرآنی تعلیمات کے مغائر ہے۔ دریں اثناء ہندو بھائیوں نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کروائی۔ ان کا کہنا ہے کہ مندر میں کوئی نگران موجود نہیں تھا کیونکہ وہ اس تعلق سے بالکل بے پرواہ تھے کہ مندر کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے کیونکہ مندر وہاں آباد ہندوؤں کے مکانات سے گھرا ہوا ہے۔ دوسری طرف پاکستان کی ہندو کونسل کے مشیر راجیش کمار ہرداسنی نے حکومت سے ہندو منادر کے تحفظ کیلئے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔