مناسب منصوبہ بندی کے بغیر مجرمین کی رہائی کا فیصلہ : کروناندھی

چینائی ۔20 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) راجیو گاندھی قتل کیس کے مجرمین کی رہائی پر سپریم کورٹ کی جانب سے حکم التواء جاری کئے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایم کے سربراہ کروناندھی نے اے آئی اے ڈی ایم کے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے جیہ للیتا حکومت کی ناکامی سے تعبیر کیا اور کہا کہ جئے للیتا کی حکومت نے مذکورہ مجرمین کی رہائی کے حوالے سے کسی مناسب منصوبہ بندی کے بغیر عمل کیا ، جس سے اُنھیں اس ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔ ایک ٹامل دوہے ’’تھیرو کورل ‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے اشارہ کیا کہ جو کام بغیر کسی مناسب منصوبہ بندی کے انجام دیا جاتا ہے وہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوتا ۔ انھوں نے کہا کہ جئے للیتا زیرقیادت حکومت اس تھیروکورل کی بہترین مثال ہے جو مروگن ، سنتھن اور پیراری ولن کی رہائی کے معاملے میں ناکامی کا شکار ہوئے ۔

ڈی ایم کے سربراہ نے جیہ للیتا کی غیرضروری تنقید کو بھی اس ناکامی کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن کی پارٹی نے حال ہی میں نلنی کی پیرول پر رہائی کی مخالفت کی تھی ۔ قبل ازیں اپنے سخت ترین سیاسی حریف ڈی ایم کے سربراہ پر تنقید کرتے ہوئے جیہ للیتا نے اپنے پیشرو حکومت کو اس معاملے میں ذمہ دار گردانتے ہوئے کہا تھا کہ جس وقت مذکورہ مجرمین نے ریاستی گورنر ، حتی کہ 2000 میں صدرجمہوریہ کے پاس درخواست رحم پیش کی تھی تو اُسے مسترد کردیا گیا تھا جس کی مکمل ذمہ داری ڈی ایم کے حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ اُن کی حکومت نے اس درخواست رحم پر غور کرنے کیلئے گورنر سے سفارش کی تھی یا اُن کی کابینہ نے اس معاملے میں فیصلہ لیا تھا جبکہ اُس وقت ڈی ایم کے 18 مہینہ تک یو پی اے حکومت کی حلیف تھی ۔ جبکہ اُن کی حکومت نے 2011 ء میں اسمبلی میں اس معاملے میں ایک قرارداد بھی منظور کی تھی جس میں تینوں مجرمین کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اس کے باوجود ڈی ایم کے پارٹی نے جوکہ مرکز میں کانگریس کی حلیف تھی اس مطالبہ کو قبول کرنے کیلئے مرکز پر دباؤ ڈالنا بھی مناسب نہیں سمجھا ۔

منی پور کیس :
پانچویں ملزم کی بھی ضمانت منظور
نئی دہلی ۔20 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی ہائیکورٹ نے آج اُس پانچویں ملزم کو بھی ضمانت دیدی جنھیں مبینہ طورپر منی پور کی دو لڑکیوں کے ساتھ مار پیٹ کرنے ، اُسے چھیڑنے اور اُن پر نسلی ریمارک کرنے کے جرم میں گرفتار کیا تھا ۔ قبل ازیں 14 فبروری کو عدالت نے ملزم پریم راج ، بھگوان داس ، یوگیش پرساد اور منوج کو ضمانت دی تھی اور انھیں 30 ہزار روپئے بطور ضمانت جمع کرنے کا حکم دیا تھا ۔ اب پانچویں ملزم بھرت سنگھ کو بھی ضمانت مل گئی ہے ۔