مملکتی وزیرداخلہ کشن ریڈی نے ذمہ داری سنبھال لی

حیدرآبادیکم جون (یواین آئی)مملکتی وزیرداخلہ کے طورپر کشن ریڈی نے آج ذمہ داری سنبھال لی۔دوسری مرتبہ وزیراعظم بننے کے بعد نریندر مودی نے ان کو اپنی کابینہ میں شامل کیاتھا اور مملکتی وزیرداخلہ کا قلمدان تفویض کیاگیا تھا اور آج کشن ریڈی نے دہلی کے نارتھ بلاک میں اپنے دفتر میں اپنی نئی ذمہ داری سنبھال لی۔اس موقع پر انہوں نے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔کشن ریڈی کا تعلق شہر حیدرآباد سے ہے ، دسمبر2018 میں ہوئے تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات میں ان کو حلقہ اسمبلی عنبر پیٹ سے شکست ہوئی تھی تاہم ان کو عام انتخابات میں بی جے پی نے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے سابق مرکزی وزیربنڈارودتاتریہ کی جگہ امیدوار بنایاتھا اور ریڈی کو اس حلقہ سے کامیابی ملی ۔
جس کے بعد ان کومرکزی کابینہ میں شامل کرتے ہوئے مملکتی وزیرداخلہ کا اہم قلمدان دیاگیا۔کشن ریڈی پہلی مرتبہ مرکزی کابینہ میں شامل ہوئے ہیں اور و ہ پہلی مرتبہ ہی ایم پی کے طورپر کامیاب ہوئے ۔وہ تلنگانہ بی جے پی کے سابق صدر بھی رہ چکے ہیں۔