ممبئی کو راجستھان سے بدلہ لینے کا سنہری موقع!

ممبئی ، 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) معقول آرام کے بعد تازہ دم ممبئی انڈینس کی یہی کوشش رہے گی کہ سفر کی تھکن سے دوچار راجستھان رائلز کے مقابل بازی پلٹ دیں جب دونوں سابقہ چمپینس انڈین پریمیر لیگ کرکٹ میچ میں کل یہاں وانکھیڈے اسٹیڈیم میں صف آرا ہوں گے۔ ایم آئی کو آر آر کے مقابل ناکامی ہوئی تھی جب دونوں کا سامنا پہلے مرحلے کے میچ منعقدہ احمدآباد میں پندرہ روز قبل ہوا تھا اور اب یہ مقابلہ میزبانوں کیلئے اُس شکست کا ہوم گراؤنڈ پر بدلہ لینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ممبئی نے درست وقت پر وقفے سے استفادہ کیا ہے جبکہ انھوں نے 25 اپریل کو سن رائزرس حیدرآباد کو کم اسکور والے مقابلے میں شاندار سیم بولنگ کے ذریعے کامیابی سے محروم کردیا تھا۔ د

وسری طرف شین واٹسن کی رائلز ٹیم کچھ تھکن کے بعد یہ مقابلہ کھیل رہے ہیں جبکہ وہ رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف گزشتہ روز ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلنے کیلئے سفر پر تھے، جہاں میچ کو نصف تکمیل کے بعد بارش کے سبب ترک کردینا پڑا۔ یہ اُن کا دوسرا متواتر بارش سے متاثرہ مقابلہ ثابت ہوا جبکہ 26 اپریل کو ڈیفنڈنگ چمپینس کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف ایڈن گارڈنس میں مکمل ’واش آؤٹ‘ ہوگیا تھا۔ ویسے رائلز اس ٹورنمنٹ میں پلے آف کے چار مقامات میں سے کوئی ایک کے حصول کی راہ پر ٹھیک ٹھیک گامزن ہیں، اور موجودہ طور پر آٹھ ٹیموں کے ٹیبل میں سرفہرست چینائی سوپر کنگس کے پیچھے دوسری پوزیشن پر ہیں، جبکہ ایم آئی کی سات میچوں میں پانچ شکستوں کے بعد پلے آف مرحلے تک رسائی کی امیدیں بہت کم رہ گئی ہیں۔

سن رائزرس کے مقابل جیت نے جبکہ ممبئی والوں نے 157 کے اسکور کا دفاع آڑے ہاتھ سے گیندیں پھینکنے والے سری لنکائی پیسر لاستھ ملنگا اور اسکواڈ میں نئے شامل کردہ نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر مچل مک کلینان (جنھوں نے اپنے زخمی ہم وطن کوری اینڈرسن کی جگہ عمدگی سے پُر کردی ) کی کچھ عمدہ بولنگ کے بل بوتے پر کیا، روہت شرما زیرقیادت ایم آئی ٹیم کی موہوم امیدوں کو کچھ روشن کردیا ہے۔ لیکن ان دونوں بولروں کے سوا پیس بولنگ یونٹ متاثرکن نہیں رہی جیسا کہ آر ونئے کمار (فاتح کرناٹک رانجی کیپٹن)، پون سویال اور جسپریت بھومرا میں سے کوئی بھی کھیل کے اس مختصر ترین فارمٹ میں فی الواقع متاثر نہیں کرپایا ہے۔ انھیں دیگر مسائل کی بھی یکسوئی کرلینا ہے۔ ان بڑے مسائل میں سے ایک اچھی اوپننگ جوڑی کا فقدان ہے کیونکہ پارتھیو پٹیل جنھوں نے گزشتہ میچ میں لینڈل سیمنس کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا، وہ کچھ اچھی شروعات حاصل ہونے کے باوجود حقیقی طور پر اطمینان بخش مظاہرہ پیش کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔