ممبئی میں ٹرین و آٹو سے سفر ‘میڈیا پر تماشہ کرنے کا الزام: کجریوال

پونے 13 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی کے دورہ کے موقع پر لوکل ٹرین اور آٹو رکشا میں سفر کے موقع پر ہوئی بدامنی اور نراج کی کیفیت کیلئے تنقیدوں کا سامنا کر رہے عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے آج میڈیا پر الزام عائد کیا کہ اس نے اس مسئلہ کو غیر ضروری تشہیر دی ہے ۔ انہوں نے اپنے سفر کو محض دکھاوا قرار دینے سے انکار کیا ۔ کیجریوال نے کہا کہ اس سارے تماشہ کیلئے صرف میڈیا ذمہ دار ہے ۔ کیجریوال کے خلاف لوک ٹرین کے مسافرین اور دوسروں نے شکایت کی تھی ۔ عام آدمی پارٹی سربراہ نے کہا کہ یہ سارا تماشہ میڈیا نے کیا ہے اور اس نے مسافرین سے روک روک کر سوالات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کیڈر کسی طرح کی غنڈہ گردی میں ملوث نہیں رہا ہے اور عام آدمی ان کے اس دورہ سے خوش ہیں۔ وہ ایک مراٹھی چینل سے بات چیت کر رہے تھے جس میں ان سے اس دورہ پر ہونے والی تنقیدوں کے تعلق سے سوالات کئے گئے تھے ۔ کہا جارہا ہے کہ مصروف اوقات میں انہوں نے یہ سفر کرتے ہوئے عوام کیلئے مشکلات پیدا کی ہیں۔ انہوں نے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ ان کا لوکل ٹرین اور آٹو سے سفر صرف ایک دھاوا اور تشہیری مہم کا حصہ تھا ۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ہی ہر طرح کے ذرائع حمل و نقل استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے اس الزام کا اعادہ کیا کہ میڈیا کو بھاری رقومات ادا کرتے ہوئے نریندر مودی کی تشہیر کی جا رہی ہے اور عام آدمی پارٹی کو رسوا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ کیجریوال نے مہاراشٹرا میں عام آدمی پارٹی کی تشہیری مہم کا کل آغاز کیا تھا اور انہوں نے سب اربن ٹرین میں سفر کیا تھا جس دوران بعض گوشوں کی جانب سے انہیں سیاہ جھنڈیاں بھی دکھائی گئی تھیں۔ کیجریوال نے اس کے بعد ممبئی کی سڑکوں پر جھاڑو چلاؤ یاترا بھی منعقد کی تھی اور یہاں ان کے ساتھ عام آدمی پارٹی کے لوک سبھا امیدوار میدھا پاٹکر اور میرا سانیال بھی تھے ۔ اس کے بعد انہوں نے ایک خانگی تقریب میں شرکت کی تاکہ فنڈز جمع کئے جاسکیں۔ خانگی تقریب کے بعد انہوں نے جنوبی ممبئی میں ایک اور روڈ شو کا اہتمام کیا تھا ۔ قبل ازیں آج دن میںعام آدمی پارٹی کے ترجمان پریتی شرما نے کہا کہ کیجریوال کو آج ناگپور کا دورہ کرنا تھا تاہم وہ انتخابی مہم کی مسلسل مصروفیت کی وجہ سے علیل ہوگئیں ہیں اس لئے یہ دورہ نہیں کر پا رہے ہیں۔