ممبئی میں موسلا دھار بارش سے معمولات زندگی متاثر

ممبئی 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شہر ممبئی اور پڑوسی اضلاع میں آج موسلا دھار بارش سے معمولات زندگی مفلوج ہوگئی جبکہ محکمہ موسمیات نے کل بھی ریاست بھر میں زوردار بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ سنٹرل ریلوے پر آج صبح لوکل ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر سے مسافرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم سڑکوں پر ٹریفک کے لئے کوئی رکاوٹ درپیش نہیں رہی۔ محکمہ موسمیات کی اطلاعات کے بموجب شہر ممبئی میں کل شب بارش 10.42 ملی میٹر، مشرقی و مغربی سب اربن میں بالترتیب 4.88 اور 12.29 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ علاوہ ازیں مہاراشٹرا کے دیگر علاقوں میں بھی کل شب اوسط سے زوردار بارش ہوئی جبکہ علی باغ میں 186.7 ملی میٹر، رتنا گیری میں 31.2 ، مہابلیشور میں 21.9 اور پربھنی میں 84.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔علاوہ ازیں محکمہ نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی کونکن علاقہ، پالگڑھ اور تھانے  درائے گڑھ میں موسلا دھار بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔