ممبئی:ماتھیران ہل اسٹیشن کی ’ٹوائے ٹرین ‘کی پھر شروعات

ممبئی 30اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام )ممبئی سے کچھ فاصلے پر مہاراشٹر کے صحت آفزا ہل اسٹیشن ماتھیران کے لیے آج سے ‘ٹوائے ٹرین ‘دوبارہ چلنے لگی جسے تقریباًدوسال قبل دو بارپٹری سے اترنے کے بعد بند کر دیا گیا تھا، تمام حفاظتی انتظامات کرنے کے بعد صرف ٹرین چلانے کی تیاری کے بعد، ٹرین سیاحوں کے لئے چلنے لگی ہے ۔یہ خدمات فی الحال امان لاج۔ماتھیران کے درمیان چلائی جائے گی اورفرسٹ کلاس کے لئے 300 روپے اور دوسری کلاس کے لئے 45 روپے کرایہ مقررکیا گیا ہے ۔،جبکہ بچوں کے لئے ،فرسٹ کلاس 180 روپے ہے اور سیکنڈ کلاس 30 روپے ہوگا۔ امان لاج سے ماتھیران کا فاصلہ صرف 3 کلومیٹر ہے ۔ممبئی کے شہریوں کے لئے ہفتے کے آخر میں چھٹیاں بتانے کے لیے سب نزدیکی ہل سٹیشن ماتھیران تھا لیکن گزشتہ ڈیڑھ سال سے کھلونا ٹرین نہیں چلنے کی وجہ سے سیاحت پر برا اثر پڑا ہے ۔ خاص طور پر مقامی لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ غور طلب ہے کہ اس آلودگی سے پاک ہل اسٹیشن پر امن لاج کے بعد کوئی بھی موٹر گاڑی لے جانے کی اجازت نہیں ہے ۔ اس صورت میں،ماتھیران چھوٹے تاجروں کوخچر پر سامان لادکر لے جانا پڑتاہے اورخچر مالک ان سے منہ مانگی قیمت وصول کرتے ہیں، جبکہ کھلونا ٹرین میں سامان لاد کر لے جانا آسان تھا۔اسی طرح سے پکنک کے لئے آئے ہوئے لوگوں کو بھی اپنی ذاتی گاڑی امن لاج میں پارک کر گھوڑے یا خچر ہی ماتھیران تک جانا ہوتا تھا۔ تاہم،کھلونا ٹرین کی ایک بار پھر شروعات ہوچکی ہے جس کے سبب مسئلہ کو آسان ہو جائے گا۔دسمبر 2016 میں، یہ ٹرین دو مرتبہ پٹری سے اترگئی اور گھاٹ سیکشن میں ہونے کی وجہ سے یہ واقعات خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں، اس طرح کھلونا ٹرین کا آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ دستی بریک کے نظام کی وجہ سے اس طرح کے واقعات ہو رہے تھے ، لیکن اب سینٹرل ریلوے کے پاس 600 ہارس پاور کے لوکوومٹو یعنی انجن اور ائر بریک کا نظام ہے ۔ ایک سینئر افسر کے مطابق اگر سب کچھ درست رہا تو جلد ہی اس ٹرین کو ایک بار پھر سے نیرل تک چلایا جائے گا۔جس کا ممبئی کے شہری مطالبہ کررہے ہیں۔