ملے پلی قتل کیس : 11 ملزمین کی گرفتاری

حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ہمایوں نگر پولیس نے ملے پلی کے عبدالرزاق قتل کیس میں ملوث 11 افراد بشمول دو خواتین اور ایک کمسن کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آپسی مخاصمت اور پرانی دشمنی کے سبب یہ واقعہ پیش آیا پولیس اس قتل کے سیاسی پس منظر کو قبول کرنے تیار نہیں ہے ۔ ڈی سی پی نے ملزمین کو میڈیا کے روبرو پیش کیا ۔

ڈی سی پی ویسٹ زؤن مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ 26 سالہ محمد حنیف عرف گلو ۔ 25 سالہ حفیظ عرف اڈوبا ، 27 سالہ حمید ، 24 سالہ خالد ، 22 سالہ قیوم عرف گورا قیوم ، 21 سالہ فہیم عرف کالہ قیوم 55 سالہ حبیب 30 سالہ یوسف ، 42 سالہ نسیم بیگم 48 سالہ شمیم بیگم کے علاوہ گرفتار افراد میں ایک نابالغ شامل ہے ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ ان پڑوسیوں کے درمیان مخاصمت کئی دن سے چل رہی تھی اور وہ عبدالرزاق کو نشانہ بنانے کا انتظار کررہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ بیانرس کو باندھنے کے نام پر تنازعہ ہوا جو قتل کا سبب بن گیا ۔ پولیس نے قاتلوں کو عدالتی تحویل میں دے دیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔