ملینگا قیادت سے برطرف،کرونا رتنے نئے کپتان

کولمبو۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈکپ میں سری لنکائی کرکٹ ٹیم کی قیادت دیموتھ کرونارتنے کریں گے کیونکہ لسیتھ ملنگا کو قیادت سے برطرف کردیا گیا ہے حالانکہ ورلڈ کپ 2015 کے بعد کرونارتنے ونڈے کرکٹ نہیں کھیل سکے لیکن جنوبی افریقہ کیخلاف حیران کن کامیابی کے باعث انہیں کپتانی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سری لنکا نے ورلڈ کپ 2019 کے لئے تجربہ فاسٹ بولر لستھ ملینگا کو ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کا اعلان کردیا۔ چیئرمین سلیکٹرز اسانتھا ڈی میل نے کہا کہ انہیں ایسے کھلاڑی کی ضرورت ہے جو ٹیم کو انگلینڈ اینڈ ویلز میں ورلڈ کے دوران متحد رکھ سکے۔ سری لنکا کی ٹیم انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ 2019 میں اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف یکم جون کو کھیلے گی۔ چیئرمین سلیکٹرز اسانتھا ڈی میل نے اعتراف کیا کہ سری لنکا کی ٹیم کو کئی مسائل کا سامنا ہے۔ خیال رہے کہ سری لنکا کی ٹیم کا حالیہ برسوں میں اندرونی اختلافات کے علاوہ قیادت میں بھی کئی مسائل کا سامنا رہا جبکہ نظم و ضبط میں بھی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ ورلڈکپ 1996 میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی چمپیئن کا تاج پہننے والی سری لنکائی ٹیم اس وقت بیٹنگ کے ساتھ بولنگ کے شعبے میں بھی مسائل کا شکار ہے۔ ملینگا کو قیادت سے ہٹانے سے متعلق چیف سلیکٹرز نے کہا کہ وہ بطور کپتان ٹھیک رہے لیکن وہ دیگر چند سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ٹھیک طرح مل جل نہیں پا رہے تھے۔ سری لنکا کی ٹیم کو ان کی قیادت میں بھی شکستوں کا سامنا رہا ہے۔ اعلان سے قبل ہی ورلڈ کپ کے لیے سری لنکا کی موجودہ ٹیم میں کرونارتنے کو قیادت کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیا جارہا تھا جبکہ سابق کپتان اینجیلو میتھیوز کے امکانات اس لیے بھی معدوم نظر آرہے تھے کیونکہ کوچ چندیکا ہتھوروسنگھے کے ساتھ ان کے اختلافات سامنے آتے رہے ہیں۔ کرونارتنے کی قیادت میں سری لنکن ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں 2-0 کی تاریخی کامیابی حاصل کی تھی اور جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر شکست دینے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی تھی۔