ملیشیا میں تلگو زبان کو فروغ دینے کے لئے اکیڈمی کا قیام

حیدرآباد 30جنوری (یواین آئی) تلگو اسوسی ایشن آف ملیشیا ،تلگو زبان کے تحفظ اور ملیشیا میں اس کے فروغ کے لئے مئی میں تلگو اکیڈمی آف ملیشیا کا آغاز کرنے جارہی ہے ۔قبل ازیں سمسکروتی نیلائم کی جانب سے تلگو زبان کے کورسس شروع کئے گئے تھے ۔اس کی تمام تک رسائی کے لئے ایسوسی ایشن کی جانب سے کوالالمپور سے تقریبا 35کلومیٹر کی دوری پر اکیڈمی کامپلکس کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے ۔تلگو زبان کے علاوہ اس میں عوام رقص،آرٹس اور دیگر فائن آرٹس بھی سیکھ سکیں گے ۔مختلف عمر کے تقریبا تین ہزار طلبہ جو ملیشیا میں تلگو زبان سیکھ رہے ہیں،انھیں اکیڈمی کے ان کورسس سے فائدہ حاصل ہوگا۔پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی کی جانب سے پرچہ سوالات تیار کئے جائیں گے اور اہل طلبہ کو اسناد دیئے جائیں گے ۔تلگو اکیڈمی میں 350طلبہ کی گنجائش ہوگی اور یہ تلگو زبان وادب کے ساتھ ساتھ ثقافت کے لئے ایک اہم مرکز ہوگا ۔ تلگو ایسوسی ایشن آف ملیشیا کی جانب سے اس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے ملیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق کے علاوہ تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے وزرائے اعلی کو دعوت دینے پر غور کیا جارہا ہے ۔