ملک گیر سطح پر گاؤ ذبیحہ پر امتناع کی تجویز کی مخالفت

قریش برادری کے ساتھ کے سی آر سے نمائندگی کا اعلان ، محمد فاروق حسین ایم ایل سی کا بیان
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر محمد فاروق حسین نے ملک گیر سطح پر گاؤ ذبیحہ پر امتناع عائد کرنے کی تجویز کی سخت مذمت کرتے ہوئے قریش برادری کے وفد کے ساتھ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کی یکسوئی کے لیے نمائندگی کرنے کا اعلان کیا ۔ مسٹر محمد فاروق حسین نے مرکزی وزیر داخلہ مسٹر راجناتھ سنگھ کی جانب سے ملک گیر سطح پر گاؤ ذبیحہ پر امتناع عائد کرنے کے لیے بی جے پی کے عزائم میں کوئی تبدیلی نہ آنے کا دعویٰ کرنے اور بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں گاؤ کشی پر امتناع عائد کرنے کا حوالہ دینے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت ترقیاتی اور فلاحی کاموں کو انجام دینے اور بی جے پی کے منشور میں غریبوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں یکسر ناکام ہوچکی ہے ۔ اپنی ناکامی سے عوامی توجہ ہٹانے کے لیے متنازعہ مسائل کو چھیڑتے ہوئے ملک میں مذہبی جذبات کو ابھارنے اور اس سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ مرکزی حکومت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے جذبات کا استحصال کررہی ہے ۔ مہاراشٹرا کے علاوہ مدھیہ پردیش میں نر گاؤ ذبیحہ پر بھی امتناع عائد کیا گیا ہے ۔ جس کی ہندو برادری بھی سخت مذمت کرتی ہے ۔ اس فیصلے کے خلاف مہاراشٹرا کے دو ہندو بھائی ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے ہیں ۔ مرکزی حکومت بی جے پی ایک منظم سازش کے تحت قریش برادری کو بیروزگار بنانے کے منصوبے پر کام کررہی ہے ۔ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں گاؤ کشی پر امتناع عائد کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں بھی بی جے پی اور ہندوتوا طاقتیں قریش برادری کو ہراساں کررہی ہیں ۔ اضلاع عادل آباد ، نظام آباد ، میدک وغیرہ میں بڑے جانوروں کو قریش برادری کے پاس سے چھین لیا جارہا ہے اور پولیس بھی اس معاملے میں ہندوتوا طاقتوں کا ساتھ دے رہی ہے ۔ وہ اس مسئلہ کو تلنگانہ قانون ساز کونسل میں پیش کرچکے ہیں اور قریش برادری کے ایک وفد کے ساتھ بہت جلد چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ان پر ڈھائے جانے والے ظلم کی داستان پیش کریں گے ۔ ساتھ ہی ان کے مسائل پیش کرتے ہوئے ان کے کاروبار کا تحفظ کرنے اور مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے لیے نمائندگی کریں گے ۔ مسٹر محمد فاروق حسین نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اقلیت دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جب بھی اقلیتوں کے مسائل سے چیف منسٹر کو واقف کرایا ہے چیف منسٹر نے ان مسائل کو فوری حل کیا ہے ۔۔