ملک کی شاہراہوں پر آج سے الیکٹرانک ادائیگی

ٹول بوتھس کارڈ مشینوں سے آراستہ ، نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی آف انڈیا کا فیصلہ
حیدرآباد۔یکم۔ڈسمبر (سیاست نیوز) ملک میں موجود شاہراہوں پر کارڈ اور الکٹرانک ادائیگی کیلئے حکومت کی جانب سے 3800ٹول بوتھ کو 2ڈسمبر تک کارڈ مشین سے لیس کردیا جائے گا۔ حکومت نے قومی شاہراہوں پر نقد رقومات نہ ہونے کی شکایات کے ساتھ ٹول ٹیکس کی معافی کا اعلان کیا تھا اور اب یکم ڈسمبر کی رات 12بجے سے تمام شاہراہوں پر ٹول ٹیکس کی وصولی کا عمل شروع کردیا گیا۔ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے بموجب ملک کی شاہراہوں پر 3800ٹول بوتھ کو 2ڈسمبر سے کارڈ کے ذریعہ ادائیگی کا متحمل بنادیا جائے گا اور ان ٹول بوتھ پر کارڈ کے ذریعہ ادائیگی قبول کی جائے گی۔بتایاجاتا ہے کہ شاہراہوں پر ٹول ٹیکس کی ادائیگی کیلئے PAYTMیا کارڈ کے استعمال کی صورت میں وقت درکار ہوگا اور اس عمل کے وقت طلب ہونے کے سبب ابتدائی ایام میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لیکن نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کی جانب سے اس عمل کو مزید آسان و بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حکومت کو 23دن کے دوران قومی شاہراہوں کے ٹول ٹیکس کی معافی سے ہوئے ایک ہزار کروڑ کے نقصان کی پابجائی کا عمل شروع کیا جا سکے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹول بوتھ پر رقمی ادائیگی کے لئے زیادہ وقت نہیں لگتا تھا جس کی وجہ سے شاہراہوں پر ٹریفک جام کے مسائل نہیں تھے لیکن کارڈ کے ذریعہ یا PAYTMکے ذریعہ ادائیگی میں تاخیر کے سبب ان مسائل سے نمٹنا بھی اتھاریٹی کیلئے ایک چیالنج ہوگا۔شاہراہوں پر الکٹرانک ادائیگی کے آغاز کے متعلق عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس عمل میں ڈرائیورس کی بڑی تعداد حصہ بنے گی جس سے عومی شعور بیداری میں آسانی ہوگی کیونکہ ڈرائیور ایک شہر سے دوسرے شہر پہنچتے ہیں اور ان کی یہ مسافت اور شہروں میں رسائی ان کے ذریعہ عوام میں کارڈ یا الکٹرانک ادائیگیوں کے متعلق شعور اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔بتایاجاتا ہے کہ کارڈ کے استعمال میں جھجھک دور کرنے کیلئے حکومت نے ہر طبقہ کو اس نقد سے پاک عمل سے جوڑ نے کی کوشش کے طور پر شاہراہوں پر موجود ٹول ٹیکس بوتھ پر کارڈ مشین اور PAYTMکے ذریعہ ادائیگی کو عام کرنے کے لئے فوری طور پر 3800بوتھ کو مشینوں سے لیس کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔