ملک کی سیاسی پارٹیاں مسلمانوں کو تابعداربناکر رکھنا چاہتی ہیں: ڈاکٹر ایوب

پرتاپ گڑھ ،27مارچ(یو این آئی)ملک کی کچھ سیاسی پارٹیاں مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرنے کیلئے انکو تابعدار بنا کر رکھنا چاہتی ہیں حصہ دار نہیں ۔جبکہ انکی سیاست مسلم ووٹوں پر منحصر ہے ۔ پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب یہاں شہر پنچایت کٹرہ میدنی گنج میں واقع قومی نائب صدر ڈاکٹر عبدالرشید انصاری کی رہائش گاہ پر منگل کودیر شام صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان تاثرات کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر ایوب نے کہا کہ آزادی سے آج تک ووٹ کی سیاست کرنے والی کانگریس اور اسکے بعد سماج وادی پارٹی و بی ایس پی مسلمانوں کے ووٹ تو حاصل کرتی رہی لیکن انکے مسائل پر توجہ نہیں دی ۔ان پارٹیوں کی منشا مسلمانوں کو مزدور تک محدود رکھنے کی ہے وہ انکو کلرک افسر اور خصوصی طور سے سیاسی رہبر کے طور پر ابھرنے نہیں دینا چاہتیں ۔جبکہ مسلم ووٹوں کے سہارے آج تک مذکورہ پارٹیاں اقتدار حاصل کرتی رہی ہیں ۔ سبھی سیاسی پارٹیوں کی منشا رہتی ہے کہ اگر مسلمانوں کو ترقی میں حصدار بنایا گیا تو وہ بیدار ہو جائیں گے اور انکے ووٹ بینک پر خطرہ لاحق ہوگا ۔وہ صرف تابعداری تک انہیں محدود رکھنا چاہتی ہیں ۔جبکہ پیس پارٹی کی پالیسی اقتدار میں مسلم -دلت و پسمادہ طبقات کی مساوی حصہ داری کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کے حالات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں ۔بے روزگاری ،غریبی ا ور تعلیم کے میدان میں پسماندگی سب سے اہم مسئلہ ہے ۔لیکن آج الیکشن کے وقت سیاسی پارٹیوں کیلئے مسلمانوں کے ووٹ اہمیت کے حامل ہیں ۔جہاں نتائج آئے کہ اس کے بعد سے انکے دکھ درد سننے کی زحمت کوئی سیاسی پارٹیاں نہیں کرتیں ۔ مسلمانوں کو اپنے ووٹ دیتے وقت یہ خاص طور سے خیال رکھیں کہ وہ جس کو ووٹ دے رہے ہیں کیا وہ حقیقت میں ان کا ہمدرد ہے ؟انہوں نے کہا کہ پیس پارٹی پارلیمانی الیکشن مضبوطی کے ساتھ لڑے گی ۔ مسلمانوں ۔دلتوں و پسماندہ طبقات کے مساوی حقوق کیلئے وہ ہمیشہ جدوجہد کرتی رہے گی ۔