ملک کو فسطائیت طاقتوں سے بچانے بائیں بازو جماعتوں میں اتحاد پر زور

تنظیم انصاف تلنگانہ کی کانفرنس ، جناب سید عزیز پاشاہ و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔30مارچ(سیاست نیوز)تنظیم انصاف تلنگانہ اسٹیٹ کی ریاستی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا وسینئر کمیونسٹ قائد جناب سید عزیز پاشاہ نے کہاکہ بی جے پی دھیرے دھیرے سکیولر ہندوستان کو ہندوتوا کی طرف لے جارہی ہے۔ہندوستان کی مختلف ریاستوں کے تین چیف منسٹرس اور دس گورنرس ایسے ہیں جن کاتعلق آر ایس ایس سے ہے اور وہ آر ایس ایس پراچارک کی حیثیت سے خدمات بھی انجام دے چکے ہیں۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یوگی ادتیہ ناتھ کے چیف منسٹر اترپردیش انتخاب کے بعد تو یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ بی جے پی پوری شدت کے ساتھ سکیولر ہندوستان کو فسطائیت کے طرف لے جارہی ہے ۔ اسے روکنے کے لئے نہ صرف بائیںبازو جماعتوں کا اتحاد ضروری ہے بلکہ ہندوستان کی تمام سکیولر سیاسی جماعتوں کو متحد ہوکر بی جے پی کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا چاہئے۔آج یہاں مخدوم بھون میںمنعقدہ تنظیم انصاف کی ریاستی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خود ساختہ مسلم جماعتوں کوبھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ اترپردیش میں بی جے پی کی کامیابی کے ذمہ دار بھی یہی سیاسی جماعتیں ہیں جو سکیولر ووٹوں کی تقسیم کے ذریعہ بی جے پی کو اترپردیش میںایک بڑی کامیابی سے ہمکنار کیاہے۔ جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں جہاں پر ایک ہزار داخلہ جاریہ سال ہونا تھا وہاں صرف دوسو داخلوں کو منظوری دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جے این یو میں داخلہ لینے میں صرف وہی طلبہ کامیاب ہوتے ہیں جو ذہنی طور پر سیکولر او رفسطائیت کے شدیدمخالف ہوتے ہیں۔ ناگپور کے اشاروں پر کام کرتے ہوئے یونیورسٹیز میںداخلوں پر بھی پابندی عائد کررہی ہے ۔ انہوںنے کرناٹک کے دو پروفیسرس کا بھی ذکر کیا جنھیں سیکولر ہونے کی بنیاد پر عہدوں پر ترقی سے گریز کیاجارہا ہے۔ جناب سیدعزیز پاشاہ نے تلنگانہ میںمسلمانوں کو 12 فیصدتحفظات کی فراہمی کے اعلان کا بھی خیرمقدم کیا او رکہاکہ اگر چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو حقیقت میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کے لئے سنجیدہ ہیںتو انہیںپوری تیاری کے ساتھ میدان میںاترنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ بہت جلد تنظیم انصاف ریاستی سطح پر عوام میں فسطائیت کے خلاف شعور بیداری بھی چلائے گی۔ سی پی آئی اسٹیٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی ‘ محمد احمد خان محبو ب نگر‘ منیر پٹیل اسٹیٹ سکریٹری تنظیم انصاف‘ فیروز خان‘ شیخ شمس الدین احمد‘ محمد حشمت نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔ تنظیم انصاف تلنگانہ کے مختلف اضلاع کے مندوبین نے اس کانفرنس میںشرکت کی۔