ملک کو اندرا گاندھی جیسی لیڈرکی ضرورت : سرفراز احمد صدیقی

نئی دہلی۔31اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کانگریس کمیٹی کے سکریٹری اور سپریم کورٹ کے وکیل سرفراز احمد صدیقی نے سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی 34ویں شہادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ملک کو اندرا گاندھی جیسی لیڈرکی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اندرا گاندھی ہی تھیں جنہوں نے ملک کی سالمیت اور اتحاد سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ ہی انہوں نے کبھی ملک کو کسی کے سامنے جھکنے دیا اور ان کے سامنے ملک کا مفاد اور ملک کا وقار ان کے وقار سے کا بالاتر تھا۔ انہوں نے کہاکہ محترمہ گاندھی کبھی خود کو پروجیکٹ کرنے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ محترمہ گاندھی کو خاتون آہن کے لقب سے پکارا گیااور انہوں نے ہر موقع پر اس کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کی جو صورت حال ہے ایسی صورت میں محترمہ گاندھی کی کمی محسوس کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ گاندھی نہرو خاندان کاہی خاصہ ہے ان کی تین نسل نے جنگ آزادی میں حصہ لیا۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں آج جو بھی کچھ ہے وہ کانگریس کی دین ہے ۔انہوں نے کانگریس قیادت کی افادیت بتاتے ہوئے کہاکہ جب ملک آزاد ہوا تھا تو ملک سوئی بھی نہیں بنارہا تھا لیکن کانگریس کے دور میں ہی چاند پر کمند تک ڈال چکا ہے لیکن موجودہ حکومت کہتی ہے کہ کانگریس نے ستر سال میں کیا ہی کیا ہے ۔