ملک میں غیر قانونی مقیم افراد کا پتہ چلانے اقدامات: کشن ریڈی

دہشت گردی کے کسی بھی واقعہ کے تار حیدرآباد سے مربوط، ریاستی بی جے پی قائدین سے ملاقات

حیدرآباد۔یکم جون، ( سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے قلمدان کے الاٹمنٹ کے ساتھ ہی بی جے پی کے نظریات کے مطابق بیان بازی کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم دیگر ممالک کے افراد کے داخلہ کو روکنے کے اہم مقصد کے ساتھ وہ کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سٹیزنس رجسٹر پر ملک بھر میں عمل آوری کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ حقیقی ہندوستانیوں اور غیر قانونی طور پر مداخلت کاروں کا پتہ چلایا جاسکے جو ملک کے مختلف علاقوں میں مقیم ہیں۔ غیر قانونی مقیم افراد کے اعداد و شمار حاصل کئے جائیں گے۔ 1998 میں کریم نگر سے لوک سبھا کیلئے منتخب ہونے کے بعد سی ایچ ودیا ساگر راؤ کو مملکتی وزیر داخلہ کا قلمدان دیا گیا تھا۔ دو دہوں بعد تلنگانہ کو پھر ایک بار وزارت داخلہ حاصل ہوئی ہے۔ قلمدان کے اعلان کے بعد تلگو اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ ملک میں کہیں بھی دہشت گرد کارروائی ہو تو اس کے تار حیدرآباد سے جڑا ہونا باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو مرکز بناکر کی جارہی دہشت گرد سرگرمیوں کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف بی جے پی ہی تلنگانہ کے یوم نجات کو سرکاری طور پر منانے کی اہل ہے۔ 2023 میں تلنگانہ میں بی جے پی کو برسراقتدار لانے کے نشانہ کے تحت کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ کے معاون وزیر کی حیثیت سے کام کرنے کا موقع ملا ہے جس پر انہیں خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں تلگو ریاستوں کے مسائل کے حل کیلئے وہ اقدامات کریں گے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ دیگر پارٹیوں کے قائدین بی جے پی میں شمولیت میں دلچسپی دکھارہے ہیں۔ توقع ہے کہ 6 یا 7 جون کو کشن ریڈی حیدرآباد پہنچیں گے۔ اسی دوران بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن، قومی جنرل سکریٹری مرلیدھر راؤ اور قائدین بی اروند، بی لکشمی نارائنا، آنند بھاسکر، پی سدھاکر ریڈی اور دوسروں نے نئی دہلی میں کشن ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔