ملک میں غذائی اجناس کا وافر ذخیرہ: رام ولاس پاسوان

اوسط سے کم بارش سے فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ۔ مرکزی وزیر تغذیہ کا تیقن
سیونی ( مدھیہ پردیش ) 30 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر تغذیہ و سیول سپلائز رام ولاس پاسوان نے آج تیقن دیا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاریہ سال کم بارش کی پیش قیاسی کے باوجود ملک میں غذائی اجناس کی کسی طرح کی قلت نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں غذائی اجناس چاول اور گیہوں کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور ایک سال کی ضروریات کی تکمیل ہوسکتی ہے ۔ علاوہ ازیں ملک کم بارش کی وجہ سے خشک سالی جیسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھی تیار ہے ۔ مسٹر پاسوان نے یہاں غذائی سلامتی پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے یو پی اے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس نے افراط زر کیلئے بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کو ذمہ دارقرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صرف 35 دن پہلے اقتدار میں آئی ہے اور وہ حالات کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ یہ امید نہیں کرسکتے کہ زندگی بھر کی غلطیوں کو ایک دن میں سدھار دیا جائے ۔ اس کیلئے وقت درکار ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ اس سال بارش کم ہوگی ۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے اعلان کیا کہ مدھیہ پردیش کیلئے غذائی اجناس کا جتنا ذخیرہ الاٹ کیا گیا تھا اس میں مرکز کی جانب سے 75 فیصد گیہوں اور 25 فیصد چاول فراہم کئے جائیں گے ۔ فوڈ سکیوریٹی قانون پر موثر عمل آوری کیلئے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان کی زیر قیادت مدھیہ پردیش حکومت کی ستائش کرتے ہوئے مسٹر پاسوان نے کہا کہ ملک کی 25 ریاستوں میں اس قانون پر موثر عمل آوری نہیں ہو پا رہی ہے ۔ انہوں نے مدھیہ پردیش میں ایک روپیہ کیلو چاول اور گیہوں سربراہ کرنے ریاستی حکومت کی مکھیہ منتری انا پورنا اسکیم کی بھی ستائش کی ۔