ملک بھر میں7,700 کروڑ روپئے مالیتی بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی

حیدرآباد میں ضبط شدہ 100 کروڑ روپئے مالیتی بے نامی جائیدادوں میں گینگسٹر نعیم کی 12 کروڑ روپئے کی جائیدادیں شامل
نئی دہلی۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ڈائریکٹر جنرل انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ (انوسٹیگیشن ریجن) نے ملک بھر میں 7,700 کروڑ روپئے مالیتی بے نامی جائیدادوں کا پتہ چلایا ہے جس میں سے 6,900کروڑ روپئے مالیتی جائیدادوں ضبط کرلی گئیں۔ میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ ان بے نامی جائیدادوں میں زیادہ تر جائیدادوں کی چینائی میں نشاندہی کی گئی۔ دوسرے نمبر پر احمدآباد اور تیسرے نمبر پر بھوپال رہا۔ حیدرآباد میں انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے 100 کروڑ روپئے مالیتی بے نامی جائیدادوں کا پتہ چلایا تاہم ان میں سے چند جائیدادوں کو ہی ضبط کیا گیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ مالی 2017-18ء میں کولکتہ میں 477.11 کروڑ روپئے مالیتی جائیدادیں قرق کی گئیں۔ وزارت فینانس اور محکمہ ریوینیو کے اعداد و شمار کا جائزہ لینے سے پتہ چلتا ہے کہ اگرچہ کولکتہ میں درج کئے گئے مقدمات زیادہ نہیں ہیں لیکن قرق یا ضبط کئے گئے اثاثوں کی مالیت بہت زیادہ ہے۔ مالی سال 2017-18ء میں چینائی میں 93.39 کروڑ روپئے مالیتی جائیدادیں ضبط کی گئیں جبکہ ملک کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی میں 91.74 کروڑ روپئے مالیتی جائیدادوں کی ضبطی عمل میں آئی۔ اسی طرح احمدآباد میں 70.53 کروڑ روپئے مالیتی جائیدادیں ضبط کی گئیں۔ جو بے نامی جائیدادیں یا اثاثے ضبط کئے گئے، ان میں بینک اکاؤنٹس میں جمع کروائی گئی رقومات ہے۔ زیورات اور غیرمنقولہ جائیدادیں شامل ہیں۔ جہاں تک حیدرآباد میں بے نامی جائیدادوں کی ضبطی کا سوال ہے، انکم ٹیکس عہدیداروں نے قانون انسداد بے نامی جائیدادوں کا استعمال کرتے ہوئے مہلوک گینگسٹر نعیم الدین المعروف بھونگیر نعیم کی 12 کروڑ روپئے مالیتی بے نامی جائیداد ضبط کرلی۔ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ محکمہ انکم ٹیکس اس کی مابقی جائیدادیں ضبط کرنے کا خواہاں ہے، اس کیلئے اعلیٰ حکام سے منظوری کا انتظار ہے۔