آسٹریلیا کی ڈرامائی جیت، پاکستان دوسرے ٹسٹ کیساتھ سیریز بھی ہار گیا

ملبرن : پاکستانی بلے بازوں کی غیر ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹسٹ میچ میں اننگز اور 18 رنز سے شکست دے کر سیریز بھی 2-0 سے اپنے نام کر لی۔  ملبرن میں کھیل کے پانچویں دن آسٹریلیا نے 465 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تو آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ 100 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔ مچل اسٹارک نے کپتان کے ساتھ تیز رفتاری سے بیٹنگ کا سلسلہ شروع کیا اور پاکستانی بولرز خصوصاً یاسر شاہ کی خوب خبر لی۔ دونوں کھلاڑیوں نے دن کے ابتدائی 26 اوورز میں 143 رنز جوڑ کر پاکستانی ٹیم کے ہاتھ پیر پھلا دیئے۔ مچل اسٹارک نے تین چوکوں اور سات فلک بوس چھکوں کی مدد سے 91 گیندوں پر 84 رنز بنائے اور اسٹیون اسمتھ کے ساتھ ساتویں وکٹ کیلئے 154 رنز جوڑے۔ جب 624 کے اسکور پر ناتھن لیون آؤٹ ہوئے تو اسٹیون اسمتھ نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔

انہوں نے 165 رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 181 رنز کی برتری حاصل کی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم روایتی طور پر نروس نظر آئی اور تین رنز پر سمیع اسلم سے محروم ہو گئی۔ کھانے کے وقفے کے فوراً بعد بابر اعظم بھی تین رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی۔ اس موقع پر تجربہ کار یونس خان اور پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے اظہر علی نے تیسری وکٹ کیلئے 57 رنز کی شراکت قائم کی لیکن پھر یونس اور مصباح الحق یکے بعد دیگرے ناتھن لیون وکٹیں دے کر پویلین چلتے بنے۔ اسد شفیق اور اظہر نے اسکور کو 89 تک پہنچایا ہی تھا کہ لیون نے اپنی ٹیم کو اک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے اسد کو وکٹ چھوڑنے پر مجبور کردیا۔ اس مشکل صورتحال میں پاکستان کو سب سے بڑا دھکہ اس وقت لگا جب اظہر 43 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ محمد عامر بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکے اور جیکسن برڈ کی تیز رفتار بولنگ کا نشانہ بنے۔ اس موقع پر پاکستان کی تمام تر امیدیں سرفراز احمد سے وابستہ تھیں لیکن وہ 43 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ وہاب ریاض بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے اور جب مچل اسٹارک نے یاسر شاہ کی وکٹیں بکھیریں تو آسٹریلیا اننگز اور 18 رنز سے ڈرامائی طور پر کامیاب ہوگیا۔ پاکستان دوسری اننگز میں 163 رنز پر آؤٹ ہوا۔ آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ کو میچ ایوارڈ دیا گیا۔