ملاپور کی مسجد اور قرآن مجید کی بے حرمتی پر مسلمانوں کا سخت احتجاج

حساس مقامات پر دفعہ 144 نافذ ‘ قائدین ملت و جمعیۃ ‘ مٹ پلی کی نمائندگیاں

مٹ پلی31 ؍ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مٹ پلی ڈیویژن تاریخی شہر اور اطراف منڈلس میں ہندو مسلم اتحاد اور گنگاجمنی تہذیب کا ماحول کئی برسوں سے فروغ پذیر ہے ۔ اور آپس میں بھائی چارگی عید وتہوار کے موقعوں پر مبارکبادیوں کا انداز مثالی ہے ۔ بلکہ یہاں کی مٹی کی تاثیر رہی کہ آج تک کبھی بھی بڑے فسادات رونما نہیں ہوئے ہیں اور محکمہ پولیس کی جانب سے بھی اچھے معاشرہ کے فروغ کے لئے بروقت مناسب تعاون شامل حال رہتا ہے ۔ ہندوبھائیوں کی جانب سے مسلم طبقہ کے ترقیاتی امور میں ہمیشہ معاونت برقرار رہتی ہے ۔ لیکن چند دنوں سے پرسکون ماحول میں غیر سماجی عناصر و شرپسند اپنے ناپاک ارادوں سے رخنہ اندازی کرتے ہوئے پیشرفت کرتے ہوئے نظرآ رہے ہیں ۔ منڈلس مواضعات جیسے جگاساگر و دیگر مقامات پر بجرنگ دل و دیگر ناموں سے علاقائی کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں ۔ ریاستی حکومت متعلقہ عہدیداران و محکمہ پولیس کو ایسی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھتے ہوئے بروقت قانونی طور پر موثر اقدامات روبہ عمل لاناچاہئے تاکہ پھر سے غیر سماجی عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہوسکے ۔ کل مٹ پلی ڈیویژن کے منڈل ملاپور کی مسجد میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور دینی کتب و جائے نماز کو نامعلوم شرپسند عناصر کی جانب سے نذرآتش کئے جانے کا دل سوز واقع پیش آیا جس کے نہ صرف مسلمان بلکہ مقامی ہندو بھاوئیوں بشمول ملاپور منڈل مستقر کے سرپنچ راجہ ریڈی نے سخت مذمت کرتے ہوئے مٹ پلی کے اخباری نمائندوں کو بتایاکہ وہ خود اپنے ہاتھوں سے مسجد کا سنگ بنیاد رکھے تھے اس گھناونے واقع سے وہ سکتہ میں آگئے ہیں وہ مقامی مسلم طبقہ کے ترقیاتی امور کی انجام دہی کے لئے بھرپور ساتھ دیں گے ۔ اور مسجد و دیگر عبادت گاہوں کی راست نگرانی کے لئے مقامی عہدیداران اور ویلیج ڈیولپمنٹ کمیٹی (وی ڈی سی ) کی جانب سے سی سی کیمروں کو نصب کروائیں گے ۔ اس واقع سے قائدین ملت جگتیال ضلع اور ذمہ داران جمعیۃ العلماء مٹ پلی قاری محمود الحسن قاسمی ‘ مولانا عبدالحمید قاسمی ‘ مولانا انعام الحسن اسعدی ‘ حافظ محمد عبدالعزیز ‘ حافظ محمد افتاب عالم کے علاوہ قائدین سراج الدین منصور ‘ محمد رفیع الدین‘ حافظ محمد شاکر حسین صدیقی ‘ محمد رئیس الدین ‘ عبدالحفیظ ایڈوکیٹ ‘ خواجہ معین الدین ‘ محمد نعیم الدین ‘ محمد الیاس ‘ احمد خان عبدالستار ‘ سید حسین ‘ شیخ امجد ‘ محمد عقیل عبدالروف ‘ محمد سلیم ‘ وکیل احمد ‘ مظفر سجو ‘ سلیم فاروقی ‘ انور صدیقی ‘ عبدالقیوم ‘ حافظ وادج وار دیگر مقام وارادت کا معائنہ کیا اور عہدیداران کو نمائندگیاں پیش کئے ۔ اس موقع پر کریم نگر کمشنر آف پولیس کے کملاسن ریڈی ‘ سب کلکٹر مٹ پلی محمد مشرف علی فاروقی ‘ اے سی پی پداپلی محمد حبیب خان ‘ اے سی پی مرلی دھر ‘ ڈی ایس پی نلاملا ریڈی ‘ سرکل و ایس ایز نے مقامی عوام سے صبر کی تلقین کرتے ہوئے انصاف دلانے کا عہد کیا ۔ بعدازاں مقامی ایم ایل اے نے معائنہ کیا ۔