ملاوٹی گھی کی فروختگی ، راجستھان کے دو تاجر گرفتار،بھاری مقدار میں گھی برآمد ، ویسٹ زون ٹاسک فورس کی کارروائی

حیدرآباد ۔ /27 ڈسمبر (سیاست نیوز) ملاوٹی گھی فروخت کرنے کے الزام میں ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے راجستھان سے تعلق رکھنے والے دو تاجروں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں ملاوٹی گھی برآمد کرلیا ۔

تفصیلات کے بموجب 22 سالہ راکیش چودھری اپنے ساتھی گوپال سکھوال متوطن راجستھان کی مدد سے کامادھینو اور مکھن باغ جیسے مشہور گھی کی کمپنیوں کے نام پر ملاوٹی گھی فروخت کررہے تھے ۔ راکیش چودھری 8 سال قبل روزگار کی تلاش میں راجستھان سے حیدرآباد منتقل ہوتے ہوئے فیل خانہ بیگم بازار میں اسٹیل شاپ میں ملازمت شروع کیا ۔

اسی دوران اس نے اپنے چند ساتھیوں کی مدد سے ملاوٹ شدہ گھی تیار کرنا شروع کیا ۔ راکیش چودھری پام آئیل اور ڈالڈا گھی کے ذریعہ ملاوٹی گھی تیار کرتے اور ان ڈبوں میں برائے نام اصلی گھی ملایا کرتے تھے ۔ ٹاسک فورس نے ملاوٹ شدہ گھی تیار کئے جانے والے مقام پر دھاوا کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ڈالڈا گھی ‘ تیل کے علاوہ مشہور گھی کے کمپنیوں کے پیاکٹس اور مشین برآمد کرتے ہوئے ٹپہ چبوترہ پولیس کے حوالے کردیا ۔