ملازمت کا جھانسہ ، عصمت ریزی کی دھمکی کا شاخسانہ

بدنام زمانہ سارق گرفتار ، ملزم پر پی ڈی ایکٹ کا نفاذ
حیدرآباد /31 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ملازمت کا جھانسہ اور لڑکیوں کی عصمت ریزی کی دھمکی دیکر لوٹنے والے ایک بدنام زمانہ سارق کے خلاف سائبرآباد پولیس نے پی ڈی ایکٹ کا استعمال کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 32 سالہ نرسوا راج پیٹ بشیرآباد علاقہ کا ساکن کو پولیس نے یکم ستمبر کو اس کو گرفتار کیا تھا اور اس کے خلاف مضبوط کارروائی کرتے ہوئے پی ڈی ایکٹ عائد کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق نرسوا راج جیل میں قید ہے ۔ اس کے خلاف لڑکیوں کو دھوکہ دہی میں 17 معاملات پائے جاتے ہیں۔ رات کی تاریکی میں آٹو کے ذریعہ بڑی کمپنیوں میں ملازمت کا جھانسہ دیکر یہ ملزم لڑکیوں کو ٹھگ لیا کرتا تھا ۔ جیسے ہی آٹو سنسان علاقہ میں پہونچتا یہ شخص لڑکیوں کو زیوارات حوالے کرنے کا مطالبہ کرتا ۔ بصورت دیگر ان کی عصمت ریزی کی دھمکی دیا کرتا تھا ۔ اپنی عصمت بچانے کی خاطر لڑکیاں اسے اپنے قیمتی زیورات حوالے کردیا کرتی تھیں ۔ اس واقعہ سے قبل درج شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا تھا اور اس کے خلاف پی ڈی ایکٹ استعمال کیا گیا ہے ۔ ضلع کریم نگر کا متوطن نرسوا راج جو بی ٹیک ترک تعلیم ہے ۔ ملازمت کی تلاش میں حیدرآباد آیا تھا ۔ پیٹ بشیرآباد علاقہ میں رہتا تھا ۔ اس نے سوچیترا میں سکونت اختیار کی اور ایک ملازمت بھی حاصل کرلی تھی ۔ اس دوران اپنی عیاشی کیلئے اسے رقم حاصل کرنے کا اس نے منصوبہ تیار کیا جو اکثر امیرپیٹ ، مائتری وانم ، ایس آر نگر کے علاقوں میں کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ جایا کرتا اور اپنے آپ کو سافٹ ویر کمپنیوں میں ملازمت دلانے والا ظاہر کرنے لگا اور لڑکیوں کو جھوٹ کا جھانسہ دیتا اور بتایا تھا کہ اس کی بہن ایک بڑی کمپنی میں ایچ آر منیجر ہے ۔ بہن سے ملاقات اور کمپنی بتانے کے نام پر لڑکیوں کو سنسان مقامات پر لے جایا کرتا تھا ۔