ملازمت کا جھانسہ ، دھوکہ بازار گرفتار

حیدرآباد ۔ /7 جنوری (سیاست نیوز) ملازمت دلانے کے بہانے عوام کو ٹھگنے والے ایک دھوکہ باز کو سائبر آباد کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائمس) شریمتی جانکی شرمیلا نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ راجیندر پرساد چودھری عرف سرینواس چودھری متوطن ضلع کرشنا‘ بیروزگار نوجوان اے چندرا شیکھر راؤ کو اس کے موبائیل فون سے رابطہ قائم کرتے ہوئے اسے مشہور سافٹ ویر کمپنی ڈی لائیٹ میں ملازمت دلانے کا وعدہ کرتے ہوئے فرضی تقرر نامہ فراہم کیا ۔

شریمتی شرمیلا نے بتایا کہ درخواست گزار چندر شیکھر راؤ نے نوکری ڈاٹ کام اور او ایل ایکس ڈاٹ کام ویب سائیٹس پر اپنا بائیو ڈاٹا اپ لوڈ کرتے ہوئے مختلف سافٹ ویئر کمپنیوں میں ملازمت کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ ملزم راجیندر پرساد چودھری نے ویب سائیٹس کے ذریعہ درخواست گزار سے رابطہ قائم کرتے ہوئے اسے یقین دلایا کہ وہ ڈی لائیٹ کمپنی میں ملازمت فراہم کرسکتا ہے لیکن اس کے لئے ضمانت کے طور پر نقد رقم جمع کرانے کی ہدایت دی ۔

چندر شیکھر راؤ نے مختلف بینکوں میں ملزم کی ہدایت پر 4 لاکھ روپئے جمع کئے اور ڈی لائیٹ کمپنی کا تقرر نامہ حاصل کرنے کے بعد ملازمت کیلئے کمپنی پہونچنے پر اسے دھوکہ دہی کا انکشاف ہوا ۔ اس سلسلے میں سائبر کرائم پولیس سے شکایت درج کروائی گئی تھی اور پولیس نے راجندر پرساد کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضے سے 1 لاکھ 20 ہزار روپئے نقد رقم ‘ لیاپ ٹاپ اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا ۔