ملائیشیا فرار ہونے 93 روہنگیا مسلمانوں کی کوشش ناکام

گرفتا ری کے بعد دوبارہ راکھین کیمپ کو واپس بھیج دیا گیا
یانگون ۔ /28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا کو فرار ہونے والے تقریباً 100 روہنگیا مسلمانوں کو سمندری راستہ پر حراست میں لیتے ہوئے دوبارہ مائنمار کی ریاست راکھین واپس بھیج دیا گیا جس کے ساتھ ہی پناہ گزیں کشتی کا تازہ بحران پیدا ہونے کے اندیشے بڑھ گئے ہیں ۔ مائنمار سے فرار ہونے والے روہنگیا مسلمانوں کو لے جانے والی تین کشتیوں کو دو ہفتوں کے دوران روک لیا گیا اور انہیں دوبارہ راکھین واپس بھیج دیا گیا ۔ مانسون کے موسم سے اگرچہ فرار ہونے کے سازگار حالات پیدا ہوئے ہیں جس کے باوجود کشتی کے ذریعہ بحفاظت منزل تک پہونچنا بدستور دشوار ہے ۔ تیسری کشتی میں سوار مفرور پناہ گزینوں کو دوبارہ راکھین کے وسطی علاقہ میں واقع دارالحکومت ستوے کی کیمپوں میں پہونچادیا گیا ۔ جہاں 2012 ء میں فرقہ وارانہ تشدد پھوٹ پڑنے کے بعد سے تقریباً 1,20,000 پناہ گزین رکھے گئے ہیں ۔