ملائم اور اکھلیش کی مظفر نگر فساد متاثرین سے ملاقات

لکھنو 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مظفر نگر میں فسادات سے متاثرہ عوام کی حالت زار کو مبینہ طور پر نظرانداز کرنے کیلئے مختلف گوشوں سے تنقیدوں کا سامنا کرنے والے سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو اور اُن کے بیٹے اترپردیش کے چیف منسٹر اکھلیش یادو نے آج اِس ضلع کے سرکردہ مسلم علماء کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کی جس نے مقامی عہدیداروں پر بے حسی اور بے رُخی کا الزام عائد کیا۔ مولانا ارشد مدنی نے کہاکہ اُنھوں نے سماج وادی پارٹی قائدین کو اپنی شکایات سے واقف کروایا ہے

اور تشدد میں لاپتہ ہونے والوں کے ارکان خاندان کو معاوضہ کے علاوہ سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ وفد میں شامل ارکان نے یہ الزام بھی عائد کیاکہ اُنھیں مقامی عہدیداروں سے کوئی مدد نہیں مل رہی ہے لیکن ملائم سنگھ یادو اور اکھلیش نے یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ارشد مدنی نے جو وفد کی قیادت کررہے تھے، اخباری نمائندوں سے کہاکہ ’’مظفر نگر فسادات کے متاثرین کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے کاموں کی ہم ستائش کرتے ہیں لیکن تشدد کے دوران لاپتہ افراد کے ارکان خاندان کو معاوضہ کی ادائیگی اور سرکاری ملازمت کی فراہمی جیسے ہمارے چند مطالبات بھی تھے جو ہم نے پیش کئے‘‘۔

قائدین کے بارے میں دانشمندانہ فیصلہ درکار: خورشید
ممبئی 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی سے احمدآباد میں بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان کی ملاقات کی اہمیت کو مبہم انداز میں مسترد کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر اور وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہاکہ ماضی کے واقعات کو فراموش نہیں کیا جانا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’آپ سلمان خان ساب کی بات کریں یا میری بات کریں ہر ایک کو حق ہے کہ اپنے بچوں کی حفاظت کے لئے سوچیں اور سوچ کر فیصلہ کریں لیکن تاریخ سے سیکھنا چاہئے کہ کیا ہوا تھا۔ کیا کیا دیکھ چکے ہیں … جو سامنے لوگ آرہے ہیں اُن کے ہاتھوں کا رنگ کیا ہے اور اُن کے کئے ہوئے کارنامے کتنے کالے ہیں یا کتنے سفید ہیں یہ ہمیں سوچنا چاہئے اور پھر اپنا فیصلہ کرنا چاہئے‘‘۔ مسٹر خورشید دراصل 2002 ء کے فرقہ وارانہ فسادات کا بالواسطہ حوالہ دے رہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’کسی کو چاہئے کہ تمام پہلوؤں کو ملحوظ رکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کریں‘‘۔ مسٹر سلمان خورشید یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران احمدآباد میں پتنگوں کے تہوار سنکرانتی کے موقع پر سلمان خان کی مودی سے ملاقات کے بارے میں مختلف سوالات کا جواب دے رہے تھے۔ سلمان خورشید عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر بائکلہ میں آل انڈیا خلافت کمیٹی کے زیراہتمام منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کیلئے پہونچے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ جمہوریت میں کوئی بھی اپنے پسند کے کسی بھی شخص سے ہاتھ ملا سکتا ہے ۔