مقبوضہ بیت المقدس میں سفارتخانہ، فلسطین کا امریکہ کیخلاف عالمی عدالت میں مقدمہ

مقبوضہ بیت المقدس۔30ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) فلسطین نے امریکہ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقد س میں سفارتخانہ کھولنے کے معاملے کو عالمی عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے امریکہ کے اس اقدام کو غیرقانونی اور ویانا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔انٹرنیشنل کور ٹ آف جسٹس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ فلسطین کا موقف ہے کہ سفارتخانے کی منتقلی سفارتی تعلقات کے حوالے سے ویانا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔فلسطین نے اپنی درخواست میں اعتراض اٹھایا ہے کہ اگرامریکہ نے سفارتخانہ منتقل کرنے کے لیے طے کردہ عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی کی۔فلسطین نے عالمی عدالت سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ سے اس اقدام کو غیرقانونی قرار دینے کے ساتھ ساتھ انہیں حکم دے کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس میں سفارتخانے کے قیام سے دستبردار ہو جائے۔ہفتے کو فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ شکایت فلسطینی ریاست کی پالیسی کے عین مطابق ہے جس کا مقصد القدس جیسے مقدس شہر کو اس کی منفرد روحانی، مذہبی اور ثقافتی اقدار کے مطابقمحفوظ بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ اپنے حقوق کا دفاع کرتے ہیں اور بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ہر قسم کی سیاسی اور مالی دباؤکو مسترد کرتے ہیں۔یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ فلسطین نے امریکہ کے خلاف عالمی عدالت میں کوئی مقدمہدائر کیا ہے ۔