مقامی ادارہ جاتی انتخابات کے بعد نئے بلدی و محکمہ مال کے قوانین کی تدوین

عہدیداروں کو مسورہ قانون تیار کرنے کی ہدایت ، سخت قوانین پر غور و خوض
حیدرآباد۔9مئی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نئے بلدی و محکمہ مال کے قوانین کا ادارہ جات مقامی انتخابات کے عمل کی تکمیل کے بعد جائزہ لے گی اور عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت دی جا چکی ہے کہ وہ ریاست میں نئے ریوینیو ایکٹ اور بلدی قوانین کی تدوین کے اقدامات کو تیز کریں اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے خاتمہ سے قبل مسودہ قانون تیار کرتے ہوئے اس کا نمونہ حکومت کو پیش کیا جائے تاکہ حکومت کی جانب سے اس پر غور و خوض کے بعد اسے قطعیت دی جا سکے۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ بلدی نظم و نسق کے علاوہ محکمہ مال کے عہدیدارو ںکو اس بات کی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ دیگر امور کے بجائے نئے قوانین کی تدوین کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے اقدامات کریں اور نئے قوانین کو سخت سے سخت بنانے کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ بلدی قوانین میں شہری علاقوں میں شجرکاری اور تعمیری اجازت ناموں کے حصول کے سلسلہ میں ترمیم کی گنجائش رہے گی اور ان ترامیم کے ساتھ ان قوانین کو سخت کیا جائے گا۔اسی طرح محکمہ مال کے قوانین کو بھی مزید سخت کرنے اور جائیدادوں کی خرید و فروخت کے معاملتوں کو عام رکھنے کے اقدامات کے متعلق اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔بتایاجاتاہے کہ راست چیف سیکریٹری کی نگرانی میں خدمات انجام دے رہی عہدیداروں کی ٹیم نے جون کے اوائل میں مسودہ قانون کی تیاری کا نشانہ مقرر کیا ہوا ہے اور کہا جار ہاہے کہ اس نشانہ کی تکمیل کے فوری بعد ریاستی حکومت کو مسودہ روانہ کرتے ہوئے اس کی منظوری کا انتظار کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق حکومت کو مسودہ کی روانگی کے بعد اسے کابینہ میں پیش کیا جائے گا اور ریاستی کابینہ کی جانب سے مسودہ قانون کو منظوری دیئے جانے کے بعد ریاستی حکومت اس مسودہ کو عوام کے مشاہدہ اور اعتراضات و ادعات جات کے ادخال کے لئے آن لائن رکھے گی اور اس مدت کے اختتام کے بعد مسودہ قانون کو ماہ جولائی کے وسط میں نافذ کرنے کا منصوبہ تیا رکیا گیا ہے اور اس منصوبہ کے تحت جاری کاموں کے متعلق عہدیداروں کا کہناہے کہ حکومت تلنگانہ نے جو ہدایات جاری کی ہیں ان کے مطابق کاموں کی انجام دہی کا سلسلہ جاری ہے اور ماہرین سے مشاورت کے ذریعہ قانون کی تیاری پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے ۔