مفت انٹر میڈیٹ تعلیم‘ تلنگانہ پہلی ریاست

کے جی تا پی جی تعلیم پر جامع منصوبہ زیر غور :کے سری ہری
حیدرآباد 28 جون (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ریاست میں تعلیمی اقدار اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے اقدامات کررہی ہے اور اسی کے ایک حصہ کے طور پر پہلا قدم اٹھاتے ہوئے ملک میں پہلی مرتبہ سب سے پہلے حکومت تلنگانہ نے انٹر میڈیٹ کی مفت تعلیم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر مسٹر کے سری ہری نے اس بات کا انکشاف کیا اور جامع منصوبہ بندی کے ساتھ کے جی تا پی جی تعلیم کو مرتب کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے حکومت تمام ماہرین تعلیم سے صلاح و مشورے حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے بعض مفاد پرست قائدین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ابتداء میں علحدہ ریاست تلنگانہ کی ان قائدین نے سخت مخالفت کی اور آج جبکہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آنے کے بعد بھی یہی مفاد پرست قائدین دوبارہ سازشیں کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے سخت الفاظ میں کہا کہ مخالفین تلنگانہ کی جانب سے کی جانے والی سازشوں کا خود تلنگانہ عوام ہی منہ توڑ جواب دیں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ اور تعلیم مسٹر کے سری ہری نے ضلع رنگا ریڈی کے کمزور معیار تعلیم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی شعبہ میں ضلع رنگا ریڈی دیگر اضلاع کے مقابلہ میں کافی پیچھے ہے کیونکہ یہاں مدارس خاطر خواہ نہیں ہیں اور جو بھی مدارس ہیں وہ بھی انتہائی خستہ حالت میں پائے جاتے ہیں لہذا ضلع رنگا ریڈی میں مدارس کی حالت میں بہتری پیدا کرنے کی شدید ضرورت ہے ۔ انہوں نے سابق حکومتوں کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان حکومتوں نے تعلیمی شعبہ کو نظر انداز کیا اور کبھی بھی تعلیمی شعبہ کو بہتر بنانے اور تعلیمی معیار میں اضآفہ کرنے پر کبھی توجہ نہیں دی ۔ جس کے نتیجہ میں ریاست تلنگانہ کے تعلیمی معیار میں بہترین پیدا نہیں ہوسکی ۔ مسٹر کے سری ہری نے کہا کہ موجودہ تعلیمی نظام میں مناسب تبدیلیوں کے ذریعہ ہر ایک کو مفت تعلیم فراہم کرنا ہی حکومت تلنگانہ کا اہم مقصد ہے اور اسی مقصد میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے حکومت وسیع تر اقدامات کا آغاز کرچکی ہے ۔