مغویہ ترک ورکرس کی رہائی

انقرہ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق جن 18 ترک ورکرس کو بغداد میں اغواء کیا گیا تھا، اُنھیں دوبارہ رہا کردیا گیا۔ ایجنسی کے مطابق بصرہ شہر میں اُنھیں آزاد کردیا گیا اور اب وہ بغداد کا سفر کررہے ہیں۔ البتہ کن وجوہات اور حالات کی وجہ سے اُنھیں رہا کیا گیا ہے اس کی تفصیلات نہیں مل سکی۔ مغویہ افراد بغداد کی ایک تعمیراتی کمپنی میں برسر کار تھے اور اُنھیں بغداد کے صدر شہر میں ایک تعمیراتی مقام سے اغواء کیا گیا جبکہ ترک شہریوں کے ساتھ ایک بغدادی شہری بھی اغواء کیا گیا تھا۔ اغواء کاروں کے جس گروپ نے اُن کا اغواء کیا تھا اُن کا مطالبہ تھا کہ ترکی بغداد میں شورش پسندوں کی دراندازی کا سلسلہ بند کردے اور گروپ کی دانست میں شام کے شیعہ شہروں پر اپنے قبضہ کو برخاست کرے۔