مغل پورہ میں کانگریس امیدوار محمد غوث کے پیدل دورہ میں رکاوٹ کی کوشش

مخالفین کو جمہوری انداز میں مقابلہ کا مشورہ ، چارمینار حلقہ اسمبلی کے امیدوار کا سخت انتباہ
حیدرآباد۔30نومبر(سیاست نیوز) مجھے للکارنا تمہیں بھاری پڑ سکتا ہے اسی لئے بار بار کہہ رہا ہوں کہ جمہوری انداز میں مقابلہ کرو اگر دوسرے انداز سے مقابلہ کرنے کی کوشش کی گئی تو اس انداز میں بھی جواب دینا میں جانتا ہوں۔جناب محمد غوث کانگریس امیدوار حلقہ اسمبلی چارمینار نے بلدی حلقہ مغلپورہ میں ان کے پیدل دورہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات کا انتباہ دیا اور کہا کہ اب وہ دن نہیں رہے کہ نوجوان تمہاری دھمکیوں سے خوفزدہ ہوں گے کیونکہ ریاست میں یقینی طور پر کانگریس زیر قیادت عوامی محاذ کی حکومت قائم ہونے جا رہی ہے جس سے بوکھلاہٹ کا شکار مقامی جماعت کے امیدواروں کی جانب سے اوچھی حرکتیں کی جانے لگی ہیں ۔ جناب محمد غوث نے اپنے حلقہ چارمینار کے بیشتر علاقو ں میں آج پیدل دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور کانگریس کے منشور کو عوام کے سامنے پیش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنائیں تاکہ اس علاقہ کی مجموعی ترقی اور شہر کے دیگر حلقہ جات اسمبلی کے طرز پر ترقی کو ممکن بنایا جاسکے ۔ جناب محمد غوث کا بلدی حلقہ مغلپورہ میں عوام کی جانب سے جوش و خروش کے ساتھ خیر مقدم کیا گیا جسے دیکھتے ہوئے ان کے حریف امیدوار کے حامیوں نے پیدل دورہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جسے محمد غوث کے حامیوں اور پولیس نے ناکام بنادیا۔ جناب محمد غوث نے عوام سے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ سیکولر اتحاد کے ساتھ ہیں اور ملک میں سیکولر ازم کی بقاء کی جدوجہد کر رہے ہیں لیکن ان کے حریف امیدوار کی سیاسی جماعت کیا کر رہی ہے اس بات سے پورا ملک واقف ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ وہ جمہوری انداز میں انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے حلقہ اسمبلی چارمینار کی ترقی کا منصوبہ اور مسلمانوں کے مفادات کے تحفظ کی جنگ میں کامیابی کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ان کے حریف منافرت پھیلاتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کی مدد کرنے میں مصروف ہیں اور مسلمانوں کی زندگیوں کو خطرہ میں ڈال رہے ہیں۔ کانگریس امیدوار حلقہ اسمبلی چارمینار نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں 4سال سے زائد عرصہ تک ریاستی حکومت کے ساتھ رہنے کے باوجود پرانے شہر کی ترقی میں کوئی کارنامہ انجام نہ دینے والے نمائندوں کا انتخاب حلقہ اسمبلی چارمینار کے عوام کیلئے مزید مشکلات کا باعث بن سکتا ہے ۔ جناب محمد غوث نے کہا کہ 25سال تک ایک حلقہ اسمبلی کی نمائندگی کرنے کے بعد اب پڑوسی حلقہ میں انتخابات میں حصہ لینے کے لئے پہنچنے والے امیدوار نے 25سال جس حلقہ کی نمائندگی کی اس حلقہ میں ایک جونیئر یا ڈگری کالج قائم کرنے میں کامیابی حاصل نہیں کی بلکہ علاقہ میں غنڈہ گردی اور سودخوروں و لینڈ گرابرس کو فروغ دیا اور حلقہ اسمبلی چارمینار اب تک بھی اس لعنت سے بڑی حد تک محفوظ ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ وہ حلقہ اسمبلی چارمینار میں تعلیمی و معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ حلقہ کی تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے ذریعہ سیاحتی ترقی کا منصوبہ رکھتے ہیں کیونکہ حلقہ اسمبلی چارمینار ایسا اسمبلی حلقہ ہے جہاں تاریخی عمارتوں کی بڑی تعداد موجود ہے جس کے ذریعہ مقامی عوام کی معاشی حالت کو مستحکم بنایا جاسکتا ہے لیکن اب تک مسلمانوں کو بھارتیہ جنتا پارٹی کا خوف دکھا کر ان کے ووٹ حاصل کرنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے مددگاروں نے تعلیمی و معاشی پسماندگی دور کرنے کے علاوہ اس علاقہ کی ترقی کیلئے کسی بھی منصوبہ کو عملی جامہ نہیں پہنایا۔