مغربی بنگال کو ’’سوپر سنسیٹیو‘‘ قرار دینے بی جے پی کا مطالبہ

نئی دہلی ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ مغربی بنگال کو ’’سوپر سنسیٹیواسٹیٹ‘‘ قرار دیا جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ منصفانہ انداز میں لوک سبھا انتخابات منعقد کئے جاسکیں۔ بی جے پی نے مطالبہ کیا کہ مرکزی فورسیس کو تمام مراکز رائے پر ریاست گیر سطح پر تعینات کیا جائے۔ بی جے پی کے ایک وفد نے مرکزی وزراء روی شنکر پرساد، نرملا سیتارامن، جے پی نڈا کے ہمراہ الیکشن کمیشن سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ پارٹی کے جنرل سکریٹریز بھوپیندر یادو اور کیلاش وجئے ورگھیا بھی تھے جنہوں نے اپنے مطالبات کی تفصیل سے الیکشن کمیشن کو واقف کروایا۔ بعدازاں اخباری نمائندوں سے ایک اجلاس میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے پرساد نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہیکہ ریاست مغربی بنگال کو سوپر سنسیٹیو قرار دیا جائے۔ ہم نے یہ بھی مطالبہ کیا ہیکہ ریاست کے تمام مراکز رائے دہی پر مرکزی فورسیس تعینات کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی پہلے ہی مطالبہ کرچکی ہیکہ ان تمام پولیس عہدیداروں کا تبادلہ کردیا جائے۔ ان کی انتخابی غیرجانبدارای قابل اعتراض ہے اور سابق کولکتہ پولیس کمشنر راجیو کمار کو انتخابی ڈیوٹی سے ہٹا دیا جائے۔ مغربی بنگال بی جے پی کیلئے اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اس کا مقصد کافی تعداد میں مغربی بنگال کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرنا ہے۔