مغربی بنگال میں تعینات سنٹرل فورسیس ووٹروں کو خوفزدہ کرنے میں مصروف

کھلے عام بی جے پی کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیلیں، پولنگ بوتھ کے اندر فائرنگ کے ذریعہ خوف کا ماحول

نئی دہلی 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس نے آج الیکشن کمیشن سے رجوع ہوکر الزام عائد کیاکہ مغربی بنگال میں تعینات مرکزی دستوں نے ووٹروں کے ذہنوں میں دہشت کا احساس پیدا کر رکھا ہے اور کچھ اِس انداز میں کام کررہے ہیں جو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لئے سازگار نہیں ہے۔ ٹی ایم سی قائدین شانتا چھیتری اور چندن مترا نے الیکشن کمیشن کو دو مکتوبات پیش کئے، ایک میں دعویٰ کیا گیا کہ فورسیس کی جانب سے غیر قانونی کارروائی کی گئی ہے اور اِس کے ساتھ ساتھ بی جے پی امیدواروں کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی بھی ہورہی ہے، اور دوسرا مکتوب سنٹرل فورسیس کی جانب سے دوبرائے پور اور بیربھوم پارلیمانی حلقوں کے پولنگ بوتھس میں فائرنگ سے متعلق ہے۔ سنٹرل فورسیس کو مغربی بنگال کے لگ بھگ تمام بوتھس میں تعینات کیا گیا ہے لیکن ابتدائی 3 مرحلوں کی دوران ریاست بھر میں تشدد کے یکا دکا واقعات ہی پیش آئے۔ پیر کو بھی آسنسول اور بیربھوم میں تشدد کی اطلاع ملی ہے۔ ٹی ایم سی کے مکتوب میں کہا گیا کہ مرکزی دستوں کی تعیناتی کے بعد مختلف واقعات ہوئے ہیں جہاں بی جے پی کے قائدین کی ہدایت پر سنٹرل فورسیس نے کچھ اِس انداز میں کام کیا ہے جو ریاست مغربی بنگال میں آزادانہ اور منصفانہ الیکشن کے لئے سازگار نہیں ہے۔ الیکشن کے ابتدائی مراحل کے دوران سنٹرل فورسیس کے خلاف شکایات درج کرائی گئی لیکن کوئی کارروائی ابھی تک نہیں ہوئی ہے۔ مغربی بنگال میں لوک سبھا الیکشن 7 مرحلوں میں منعقد کیا جارہا ہے جن میں سے چوتھا مرحلہ آج ہوا اور اِس میں آسنسول اور بہرام پور نشستوں کا احاطہ ہوا ہے۔ پارٹی کے مکتوبات میں بیان کیا گیا کہ سنٹرل فورسیس کو آزادانہ اور منصفانہ چناؤ کو یقینی بنانے کے لئے متعین کیا گیا اور اُن سے توقع رہتی ہے کہ وہ کوئی بھی سیاسی پارٹی کے زیراثر کام نہیں کریں گے بلکہ کسی سیاسی پارٹی کے تئیں جانبداری کے بغیر غیر جانبدارانہ انداز میں کام کریں گے تاکہ آزادانہ اور منصفانہ الیکشن کے دستوری اُصول کی تکمیل ہوجائے۔ اِن مکتوبات کا مقصد آپ کے علم میں لانا ہے کہ کئی پارلیمانی حلقوں میں جہاں آج چناؤ ہوئے، سنٹرل فورسیس نے ووٹروں کو دہشت زدہ کیا اور اُنھوں نے رائے دہندوں سے بی جے پی کے حق میں اپنا ووٹ ڈالنے کی اپیل بھی کی۔ سنٹرل فورسیس پہلے سے منصوبہ بند انداز میں کام کرتے ہوئے پولنگ بوتھ کے اندر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ووٹرس خوفزدہ ہوگئے اور اُنھوں نے اپنے ووٹوں کا استعمال نہیں کیا۔ ٹی ایم سی نے دعویٰ کیاکہ بی جے پی اور اُس کے ایجنٹس بڑے پیمانے پر دھمکانے، تشدد، انتشار اور رائے دہندوں میں بدامنی پیدا کرنے کے لئے کام کررہے ہیں اور اِس طرح انتخابی عمل میں زبردست خلل پیدا کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں سنٹرل فورسیس نے ایک سے زائد بار پولنگ بوتھ میں داخل ہوکر ووٹنگ کے عمل کو متاثر کیا اور ووٹروں کو بی جے پی امیدواروں کو ووٹ دینے کی ترغیب دی۔