مغربی بنگال میں اقلیتوں پر خوف کے سائے: بی جے پی

کولکتہ ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج ادعا کیا کہ مغربی بنگال میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے ذ ریعہ اقلیتوں کو ہراساں کرنے کے بعد ا قلیتیں وہاں خوف و ہراس میں زندگی گزار رہی ہیں ۔ لہذا بی جے پی نے مرکزی وزارت داخلہ سے شکایت کی ہے کہ وہ ممتا بنرجی حکومت سے اس سلسلہ میں رپورٹ طلب کرے ۔ بی جے پی کے ایک وفد نے پا رٹی کے نائب صدر بلبیر پپنج کی قیادت میں بربھوم ڈسٹرکٹ کا دورہ کیا تھا جہاں ماہ جون میں پار ٹی کے ایک ور کر کا قتل کردیا گیا تھا ، نے صدر پار ٹی امیت شاہ کو رپورٹ پیش کی جس میں ادعا کیا گیا کہ مغربی بنگال میں لوک سبھا انتخابات کے دوران بی جے پی کی کارکردگی نے ترنمول سربراہ ممتا بنرجی کو فکرمند کردیا ہے جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ترنمول پارٹی ورکرس بی جے پی کے خلاف تشدد پر اتر آئے ۔ وفد نے اپنی رپورٹ میں مطالبہ کیا کہ مرکزی وزارت داخلہ کو ترنمول کے ذریعہ سے تشدد کے واقعات کا سخت نوٹ لینا چاہئے اور ریاستی حکومت کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دینی چاہئے ۔ علاوہ ا زیں کارروائی کئے جانے کی رپورٹ بھی طلب کرنی چاہئے ۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ ریاست میں اقلیتیں خوف و ہراس کے ماحول میں سانس لے رہی ہیں اور خود کو غیر محفوظ سمجھ رہی ہیں ۔ پارٹی نے اس معا ملہ میں قومی اقلیتی کمیشن کی جانب سے مداخلت کئے جانے کی بھی خواہش کی ہے ۔ ریاستی بی جے پی صدر راہول سنہا جنہوں نے صدر امیت شاہ سے ملاقات کی تھی ، نے کہا کہ امیت شاہ عنقریب مغربی بنگال کا دورہ کریں گے اور پارٹی کو ہ دایت کی ہے کہ وہ 2016 ء کے اسمبلی انتخابات کا روڈ میاپ تیار کرے۔