مغربی بنگال بی جے پی کے صدر کا مددگار ایک کروڑ روپیوں کے ساتھ گرفتار

بی جے پی کے ایک اور امیدوار کی موٹر کار سے نقد رقم کی دستیابی کے بعد یہ دوسرا واقعہ
کولکتہ ۔13 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ریلوے پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ مغربی بنگال میں آسنسول ریلوے اسٹیشن پر دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا جن میں سے ایک نے اس بات کا دعویٰ کیا کہ وہ مغربی بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش کا شخصی مددگار (پرسنل سکریٹری) ہے ۔ ان دونوں افراد کے پاس سے ایک کروڑ کی غیرمحسوب رقم ضبط کی گئی ۔ ریلوے پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ گوتم چٹو اُپادھیا ئے اور لکشمی کانت کو اس وقت مداخلت کرکے آسنسول ریلوے اسٹیشن پر گرفتار کرلیا گیا جب وہ ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کررہے تھے جو کولکاتہ جانے والی تھی ۔ چٹو اوپادھیائے نے گرفتاری کے بعد بتایا کہ وہ گھوش کے مددگار کی حیثیت سے کام کیا کرتا ہے ۔ریلوے کے ذرائع نے بتایاکہ دونوں اپنے ساتھ ایک بہت بڑا تھیلا اٹھائے ہوئے تھے اور آسنسول اسٹیشن میں مشتبہ حالت میں گھوم رہے تھے جب ان پر متعلقہ عہدیداروں کی نظر پڑی تو ان عہدیداروں کو ان دونوں پر شک ہوگیا اور ان کے ساتھ جو بھاری تھیلا تھا اس کی تلاشی پر ایک کروڑ روپئے برآمد ہوئے ۔ تفتیش کے دوران ان دونوں نے اعتراف کیا کہ وہ یہ نقد رقم کولکاتہ لے جارہے تھے ۔ تقریباً دو روز قبل ریاستی پولیس نے بی جے پی کے گھٹل حلقہ کے امیدوار اور سابق آئی پی ایس آفیسر بھارتی گھوش کی کار سے بھی ایک لاکھ سے زائد رقم برآمد کی تھی ۔