معلنہ موقف سے انحراف کا کجریوال پر بی جے پی کا الزام

نئی دہلی ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال عنقریب 5 کمروں والے وسطی دہلی کے ڈوپلیکس فلیٹ میں منتقل ہوجائیں گے۔ ان کی موجودہ قیامگاہ غازی آباد کے علاقہ کوشامبی میں ہے۔ کجریوال کو 5 کمروں والے دو ڈوپلیکس فلیٹس بھگوان داس روڈ پر مختص کئے گئے ہیں جن میں سے ایک ان کے دفتر کے طور پر استعمال کیا جائے گا لیکن بی جے پی کے ارکان اسمبلی نے دہلی اسمبلی میں کجریوال پر الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کا ان فلیٹس کو قبول کرنے کا فیصلہ عام آدمی پارٹی کے دعوے کے بالکل متضاد ہے کہ وہ کفایت شعاری پر عمل کرے گی۔

چیف منسٹر کو دو بڑے فلیٹس مختص کئے جانے سے پارٹی بے نقاب ہوگئی ہے۔ یہ ان کے معلنہ موقف کے بالکل متضاد ہے۔ انہوں نے عہد کیا تھا کہ عام آدمی کے فلیٹس میں قیام کریں گے۔ بی جے پی کے سینئر قائد صاحب سنگھ چوہان نے دہلی اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ کجریوال اور ان کے 6 وزراء نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ کسی سرکاری بنگلہ میں نہیں بلکہ اوسط درجہ کے فلیٹس میں قیام کریں گے لیکن چیف منسٹر کا 5 کمروں والے فلیٹس کو قبول کرلینا ان کے دعوے کے متضاد ہے۔ کجریوال کی پارٹی نے بھگوان داس روڈ پر دونوں فلیٹس کی منظوری دی ہے۔ منظوری سے قبل دہلی سکریٹریٹ کے قریب اندر پرستھا ایکسٹنشن میں کئی سرکاری فلیٹس کا معائنہ کیا گیا تھا۔ حکومت دہلی کے وزراء تین کمروں والے فلیٹ کے مستحق ہیں۔