معلنہ برقی کٹوتی کے علاوہ’’ غیرمعلنہ کٹوتی ‘‘حقیقی مجبوری یا برقی کٹوتی پالیسی کا حصہ؟

حیدرآباد27فروری (سیاست نیوز) محکمہ برقی کی جانب س سے شہرمیں یومیہ دو گھنٹے برقی کٹوتی کے اعلان کے بعد پابندی سے اس پرعمل کیا جارہا ہے۔ عموماً موسم گرما کے آغاز سے پہلے ریاستی حکومت، ہرسال عوام کو برقی کی بہتر سربراہی کا وعدہ کرتے ہوئے دیگرریاستوںسے فاضل برقی خریدنے ، اس حوالے سے فنڈس کی منظوری دینے ،متعلقہ محکمہ کے اعلی عہدیدا روںکے ساتھ وقفے وقفے سے جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ضروری ہدایتیںدیتی ہیں ،حالانکہ جاریہ سال تقسیم ریاست کی وجہہ سے ہونے والی اتھل پتھل کے دوران اس طرح کے اجلاس بھی منعقد نہیں کئے جاسکے۔تاہم ہرسال موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی ،متعلقہ عہدیداروں کی’’ پیشگی منصوبہ بندی‘‘کے نتیجے میں موسم گرما ’’برقی کٹوتی کے موسم‘‘ میں تبدیل ہوجاتاہے،اور عوام کی جانب سے احتجاج اورچیخ وپکار کے بعد ہمیشہ کی طرح ایک ہی رونا رویا جاتاہے اور، برقی کی طلب اورکھپت میں فرق کو اس کا ذمہ قراردیا جاتا ہے ،اوراسطرح اس موسم میںعوام کو بے تحاشہ برقی کٹوتی کا سامنا کرنے پرمجبور کردیا جاتاہے ۔تاہم سوال یہ ہے کہ ریاست میں برقی پیداوار کے کئی ایک ذرائع کی موجودگی کے باوجود ریاستی عوام کو برقی قلت کا سامناکیوںکرنا پڑتا ہے؟ فیول سروس چارجس کے نام پر ریاستی حکومت کی جانب سے عوام پر 9942 کروڑ روپے کا بوجھ ڈال دیا گیا جبکہ ایف ایس اے کے نا م پرہی مزید 2166کروڑروپے کا بوجھ عائد کرنے کیلئے میدان تیار کیا گیا ہے۔سوال یہی ہے کہ اس قدر خطیر رقم عوام کی جانب سے وصول کئے جانے کے باوجو د انہیں گھنٹوں برقی سربراہی کیوںمنقطع کردیجاتی ہے ۔برقی پیداوار اور بر قی طلب کے درمیان اس قد ر فرق کیوں موجود ہے؟ ذرائع کے مطابق شہرمیں ر وزا نہ الگ الگ اوقات میں دو گھنٹے سے زائد برقی منقطع کی جارہی ہے۔ متعلقہ علاقوں کے اسسٹنٹ انجنیرس کا یہ استدلال ہے کہ لوڈ نگ بڑھ جانے کے سبب انہیں اوپر(شیورام پلّی )سے برقی منقطع کرنے کا آڑڈر دیا جاتاہے اور وہ یہ نہیں کہہ سکتے ہیں کس وقت کہاں لوڈنگ بڑھ سکتی ہے

اسلئے جس وقت جس علاقے میں پاور لوڈنگ بڑھ جاتی ہے وہاں برقی منقطع کردی جاتی ہے۔ مقامی عوام کا کہنا ہے کہ مسئلہ یہ نہیں ہے کہ معلنہ طور پرکتنی دیر برقی منقطے کی جاتی،پریشانی اس وقت ہوتی ہے کہ جب معلنہ اوقات کے علاوہ بھی ، ٹرانسفا رمر کی درستگی ،لوڈشیڈنگ اور دیگرچھوٹی موٹی خرابی کے بہانے روزانہ مزید ایک دوگھنٹے برقی منقطع کردی جارہی ہے جس سے انہیں کافی پریشانی ہوتی ہے ۔ مقررہ اوقات کے علاوہ کب برقی منقطع کردی جائگی اگر لوگوں کو پہلے سے علم ہوتو وہ پیشگی طور پر اپنا ضروری کا م نمٹا لے سکتے ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ اس دوران جب اس حوالے سے معلومات یا شکایت کے لئے عوام متعلقہ محکمہ کوفون کرنا چاہتے ہیںتوانکا فون گھنٹوں ’’انگیج‘‘ بتاہے ۔مقامی عوام میں یہ احساس پایا جاتاہے کہ معلنہ اوقات کے علاوہ دوسرے بہانوںسے برقی کٹوتی بھی محکمہ کی برقی کٹوتی کا ہی حصہ ہے ۔لوگوںکا کہنا ہے کہ پرانے شہرکے بیشترمقامات پرلگائے گئے ٹرانسفارمر انتہائی پرانا اورناقص ہوچکا ہے ،اسے تبدیل کرنے کے بجائے اسے ہی گھسیٹنے کی کوشش کی جاتی ہے حالانکہ برقی بل میں اضافہ کے علاوہ فیول سروج چارج کے نام پرہی ان سے اضافی رقم وصول کی جاتی ہے مگرپھر بھی انہیں موسم گرما میں ہی پریشانیوںکا شکار بنا یا جاتاہے۔