معظم جاہی مارکٹ روڈ کھنڈرات میں تبدیل

جگہ جگہ کھڈ ، سڑک جھیل میں تبدیل ، حیدرآباد میٹرو ریل ، برقی و آبرسانی محکمہ جات کی لاپرواہی
حیدرآباد۔31جولائی(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد بلدی برقی اور آبرسانی عہدیداروں کی کوتاہیوں کے سبب پسماندہ علاقہ میںتبدیل ہوتا جارہا ہے۔ شہر میںمیٹروریل کے نام پر کی جارہی کھدوائی نے شہر کو ریگستان میں تبدیل کردیا ہے۔ عوام کو کافی دشواریوں کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے بالخصوص دفتری اوقات میں راہرئو نہ صرف ٹریفک جام سے پریشان ہیں بلکہ گڑھے کھڈوں سے بھری سڑکیں راہرئوں کی زندگی کے لیے سنگین خطرہ بنی ہوئی ہیں۔پتلی بائولی سے معظم جاہی مارکٹ آنے والی سڑک پر جابجا گڑھے اور کھڈوں سے گھنٹو ں تک ٹریفک جام ہورہی ہے پچھلے دو دنوں سے ہورہی بوندا باندی اور تیز بارش نے مذکورہ سڑک کو تالاب میں تبدیل کردیا ہے۔ مذکورہ سڑک کی خستہ حالی سے متوقع کسی بھی ناگہانی واقعہ کی تمام تر ذمہ داری بلدی اور آبرسانی کے عہدیداروں پر عائد ہوگی جن کی کوتاہیوں کی وجہہ سے معصوم شہریوں کی زندگیاں خطرہ میںہیں۔حالانکہ چوبیسوں گھنٹے اور برق رفتاری کیساتھ میٹروریل پراجکٹ کی تکمیل کی کوششیں کی جارہی ہیںمگر شہریوں کی زندگیو ں کو خطرہ میںڈالکر ترقیاتی کاموں کی تکمیل بلدی ‘ برقی اور آبرسانی محکموں کی بہتر کارکردگی کے دعوئوں پر ایک سوالیہ نشان ثابت ہورہی ہے۔پتلی بائولی تامعظم جاہی مارکٹ سڑک سے گذرنے والے راہرئو عام دنوں میںدھول‘ گرد اور آلودہ دھوئیں سے پریشان ہیںتو بارش کے دنوں میں بارش کے سبب جمع پانی کی عدم نکاسی سے پیدا صورتحال کا سامنا بھی بے قصور شہریوں کو کرنا پڑرہا ہے۔