معصوم مصطفی کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ

اندرا پارک پر دھرنا پروگرام، بہوجن سماج پارٹی لیڈر کا خطاب
حیدرآباد 29 نومبر (سیاست نیوز) مہدی پٹنم کے علاقہ میں واقع صدیق نگر ملٹری کے ہائی سکیورٹی زون میں 9 اکٹوبر کو فوجی جوانوں کی مبینہ بربریت اور درندگی کا شکار 11 سالہ معصوم شہید مصطفیٰ کے قتل کے واقعہ میں ملوث خاطیوں کو فوری طور پر گرفتار کرتے ہوئے انھیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ نیز شہید مصطفیٰ کے ورثاء کو حسب اعلان 5 لاکھ روپئے بطور ایکس گریشیاء کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت فراہم کی جائے بصورت دیگر شہید مصطفیٰ اور ان کے ورثاء کو حصول انصاف تک عوامی انصاف موؤمنٹ کی جانب سے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار آج عوامی انصاف موؤمنٹ کے زیراہتمام اندرا پارک پر منظم کئے گئے دھرنا پروگرام کے موقع پر ریاستی جنرل سکریٹری بہوجن سماج پارٹی تلنگانہ و رکن عوامی انصاف موؤمنٹ مسٹر الیاس شمسی نے بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے عوام کی محافظ ملٹری کے ہائی سکیوریٹی زون میں دن دھاڑے پیش آئے واقعہ جس میں ملٹری والوں کی جانب سے 11 سالہ معصوم شیخ مصطفیٰ کے مبینہ قتل کئے جانے کے واقعہ پر اپنے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس واقعہ سے ملٹری کی نیک نامی متاثر ہوئی ہے۔ اعلیٰ حکام کی جانب سے تحقیقات میں ٹال مٹول پالیسی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جب کبھی بھی سرمایہ دار یا اعلیٰ رتبہ کی حامل شخصیتوں پر حملہ یا قتل کا واقعہ پیش آتا ہے پولیس فوری طور پر مستعدی کے ساتھ حرکت میں آتے ہوئے اندرون 24 گھنٹے خاطیوں کا پتہ چلا لیتی ہے اور جب کسی غریب پر حملہ یا قتل کا واقعہ رونما ہوتا ہے تو پولیس سرد مہری کا مظاہرہ کرتی ہے۔ اس موقع پر کنوینر عوامی انصاف موؤمنٹ محترمہ خالدہ پروین نے ملٹری کے ہائی سکیورٹی زون میں پیش آئے واقعہ جس میں معصوم شیخ مصطفیٰ کے ساتھ دن دھاڑے بدفعلی کے بعد کیروسین چھڑک کر آگ لگادی گئی، اس پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ اور پولیس اور ملٹری کے اعلیٰ عہدیداروں سے پرزور مطالبہ کیاکہ وہ فوری طور پر اس واقعہ میں ملوث خاطیوں کو گرفتار کرتے ہوئے انھیں سخت سے سخت سزا دیں۔ علاوہ ازیں شہید مصطفیٰ کے ورثاء کو 5 لاکھ بطور ایکس گریشیا کی ادائیگی کے علاوہ خاندان کے ایک فرد کو ملازمت دی جائے۔ رکن عوامی انصاف موؤمنٹ مسٹر شیخ صادق، سٹی کنوینر ریفارمرس فرنٹ آف انڈیا مسٹر مرزا ساجد بیگ، سپریم کورٹ ایڈوکیٹ مسٹر کرشنا، عوامی انصاف موؤمنٹ ارکان مسرز شبلی، سید رحیم الدین، عارف، فیضان نے بھی معصوم مصطفیٰ کے قتل کی تحقیقات میں حکومت اور پولیس کی سرد مہری کی شدید مذمت کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر شہید مصطفیٰ کی والدہ شاکرہ بیگم بھی اپنے لخت جگر کی داستان سناتے ہوئے اشکبار ہوگئیں اور انھوں نے حکومت اور پولیس سے ان کے ساتھ انصاف کرنے کا مطالبہ کیا۔ عوامی انصاف موؤمنٹ ارکان مسرز سید جلال الدین، مرزا خالد سیف، عمران عزیز قریشی ایڈوکیٹ، مرزا خالد حسین، تسلیم بیگم کے علاوہ دیگر ارکان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر انصاف کے لئے فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے۔