معروف ادیب جمیل جالبی کا انتقال

کراچی’18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اردو کے ممتاز نقاد، ماہرِ لسانیات، ادبی مؤرخ کراچی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر جمیل جالبی کا طویل علالت کے بعدآج یہا ں انتقال ہوگیا۔ان کی عمر 89 برس تھی۔جمیل جالبی کا اصل نام محمد جمیل خان تھا ۔وہ علی گڑھ میں 1929 پیدا ہوئے اور وہیں ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد1943میں گورنمنٹ ہائی اسکول سہارنپور سے میٹرک کیا، جس کے بعد میرٹھ کالج سے 1945 میں انٹر اور 1947 میں بی اے کی ڈگری حاصل کی۔قیام پاکستان کے بعد جمیل جالبی اور ان کے بھائی عقیل پاکستان آ گئے اور کراچی میں رہائش اختیار کی۔پاکستان میں ابتدا میں انہو ں نے اسکول میں ملازمت کی اوراسی دوران انہوں نے ایم اے اور ایل ایل بی کے امتحانات پاس کر لیے اور 1972 میں سندھ یونیورسٹی سے ڈاکٹر غلام مصطفی خان کی نگرانی میں قدیم اُردو ادب پر مقالہ لکھ کر پی ایچ ڈی کیا۔جمیل جالبی 1983 میں کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر بنے ، وہ 1987 میں مقتدرہ قومی زبان (موجودہ نام ادارہ فروغ قومی زبان) کے چیئرمین مقرر ہوئے ۔اس کے علاوہ جمیل 1990 سے 1997 تک اردو لغت بورڈ کراچی کے سربراہ بھی رہے ۔