معذـور رائے دہندوں کیلئے مراکز رائے دہی پر وہیل چیرس

تمام مراکز پر خصوصی انتظامات، ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر دانا کشور کے احکام

حیدرآباد۔30ستمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں موجود معذور رائے دہندوں کے لئے ضلع الکٹورل آفیسر کی جانب سے خصوصی انتظامات کو یقینی بناتے ہوئے ان کے لئے رائے دہی کو آسان بنایا جائے گا۔ مسٹر دانا کشور ضلع الکٹورل آفیسر و کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے احکام جاری کرتے ہوئے انتخابی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر مرکز رائے دہی پر وہیل چئیر کے انتظام کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں کیونکہ معذور رائے دہندوں کو سہولتوں کی عدم فراہمی کے سبب وہ اپنے حق رائے دہی کے استعمال میں کوتاہی کرتے ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے تمام مراکز رائے دہی پر خصوصی انتظامات کو یقینی بنائیں اور معذورین کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے ان کی نشاندہی کو بہتر انداز میں مکمل کریں۔ بتایاجاتاہے کہ تاحال دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کی فہرست رائے دہندگان میں ایسے 23ہزار مؤظف رائے دہندوں کی شناخت کو ممکن بنایا گیا ہے جو معذور ہیں۔ مسٹر دانا کشور نے شہر میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے سلسلہ میں اقدامات کو ممکن بنانے کے لئے شہریوں میں شعور اجاگر کرنے شعور بیداری کیمپ منعقد کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رائے دہی کے فیصد میں اـضافہ کیلئے شہر حیدرآباد میں پارکس ‘ کالجس اور سیاحتی مقامات پر عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اور انہیں اس بات سے واقف کروایا جائے گا کہ ووٹ کی اہمیت کیا ہے اور ووٹ کے استعمال کے ذریعہ شہری اپنی کتنی اہم ذمہ داری ادا کرسکتے ہیں۔ مسٹر دانا کشور کی جانب سے جی ایچ ایم سی کے مختلف شعبوں کے علاوہ انتخابی مہم سے مربوط عملہ و عہدیداروںکے اجلاس کے دوران اس بات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی گئی ہے کہ عملہ کی جانب سے رائے دہی میں اضـافہ کیلئے مختلف غیر سرکاری تنظیموں سے بات چیت کرتے ہوئے شعور بیداری کو یقینی بنایا جائے ۔ دونوں شہرو ں میں موجود معذور رائے دہندوں کی شناخت اور ان کی رائے دہی کے لئے خصوصی انتظامات کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ عوام میں شعور اجاگر کرنے کے علاوہ ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے ہی یہ خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں اور ان انتظامات کے سلسلہ میں تمام عہدیداروں کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔کمشنر جی ایچ ایم سی و ضلع الکٹورل آفیسر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہریوں میں اس بات کا شعور اجاگر کریں کہ الکٹرانک ووٹنگ مشین پر رائے دہی کس طرح کی جاتی ہے اور ان کے ووٹ کے استعمال کا طریقہ کار کیا ہے۔ شہر حیدرآباد میں آئندہ دو ہفتوں کے دوران انتخابی عملہ کی جانب سے رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے سلسلہ میں شعور بیداری مہم چلائی جائے گی اور اس دوران ورقیہ کی تقسیم کے علاوہ ریڈیو‘ ٹی وی اور اخبارات میں اشتہارات شائع کئے جائیں گے۔