معاشی ابتر حالات پر چدمبرم کو یشونت سنہا کا سوالنامہ

نئی دہلی۔ 30؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ سینئر بی جے پی لیڈر یشونت سنہا نے وزیر فینانس پی چدمبرم پر ملک کی معیشت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ، معاشی ترقی اور روزگار کے محاذوں سے متعلق 18 نکاتی سوالنامہ پیش کیا ہے۔ یشونت سنہا نے جو خود وزیر فینانس رہ چکے ہیں، دعویٰ کیا کہ یو پی اے۔I (2004ء تا 2007ء) کے دوران چار سال معاشی شرح ترقی میں جو بہتری دیکھی گئی، وہ دراصل پیشرو این ڈی اے حکومت کے اقدامات کا نتیجہ تھی، یو پی اے حکومتوں کے اقدامات سے ایسا کچھ نہیں ہوا۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے جو بیج بویا تھا، اس کی آپ نے نشونما کی۔