مظفر نگر فسادات کا صرف ایک ملزم لاپتہ

مظفر نگر ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اترپردیش پولیس نے آج بتایا ہے کہ مظفر نگر فسادات 2013 کے ایک ملزم کے معلنہ نقد انعام کی رقم کو دو گنا کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جب کہ یہ ملزم ہنوز مفرور ہے ۔ رورل ایس پی مسٹر الوک پریہ درشنی نے بتایا کہ فسادات میں ملوث تمام ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا ۔ لیکن ایک ملزم ہریندر سنگھ اب تک فرار ہے ۔ جس کے سرپر 5000 روپئے کا انعام رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہریندر سنگھ کا اتہ پتہ بتانے پر 10 ہزار روپئے کا انعام دینے کی سفارش کی گئی ہے ۔ جب کہ عدالت نے مفرور ملزم کی املاک قرق کرلینے کے لیے کارروائی شروع کردی ہے ۔ مسٹر الوک پریہ درشنی نے بتایا کہ فسادات میں ملوث 1,482 میں 1,481 ملزمین کو خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے گرفتار کرلیا ہے ۔ جب کہ ستمبر 2013 کو ضلع مظفر نگر اور قرب و جوار کے علاقوں میں پیش آئے فسادات کے دوران 60 افراد ہلاک اور 40,000 افراد بے سر و سامان ہوگئے تھے ۔