مظفر نگر فسادات : ملزمین کی درخواست ضمانت مسترد

مظفر نگر ۔30 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ سال مظفر نگر فرقہ وارانہ فسادات کے دوران قتل میں ملوث تین ملزمین کی درخواست ضمانت کو ایک مقامی عدالت نے مسترد کردیا ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج جتیندر کمار نے کرن سنگھ بھوگرا، نیرج اور اشوک نامی ملزمین کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ استغاثہ کے مطابق ملزمین نے صغیر احمد نامی ایک شخص کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے بعد کئی مکانات اور گاڑیوں کو نذر آتش کردیا تھا ۔ یہ واقعات پھوگنا پولیس اسٹیشن کے تحت موضع کھراڈ میں رونما ہوا تھا ۔ مقتول صغیر احمد کے فرزند مہربان نے اس واقعہ کے بعد کئی لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی تھی جس کے بعد چھ افراد کی گرفتاری عمل میں آئی تھی ۔ فسادات کی تحقیقات کرنے والی (اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (SIT) نے ملزمین کے خلاف فرد جرم داخل کی ہے اور 20 مئی کو عدالت فرد جرم عائد کرے گی ۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں ہوئے فرقہ وارانہ فسادات میں زائد از 60 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔