مصیبت پر صبر کرنا سچے مومن کی علامت

جامع مسجد ایر فورس میں مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( راست ) : ظلم کرنا کسی پر تہمت لگانا بہت بڑا گناہ ہے ۔ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا اپنے مسلمان بھائی کی ہر حال میں مدد کیا کرو خواہ وہ ظالم ہو یا مظلوم ایک شخص نے دریافت کیا یا رسول اللہ ﷺ مظلوم ہونے کی حالت میں مدد کرنا تو سمجھ میں آرہا ہے یہ بتائیے کہ ظالم ہونے کی صورت میں کیسے مدد کروں ۔ حضورؐ نے فرمایا اس کو ظلم کرنے سے روک دو ۔ ظالم کو ظلم سے روکنا بھی اس کی مدد ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی نے جامع مسجد ایر فورس گوتم نگر بالا نگر میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید میں اللہ کا ارشاد ہے اے ایمان والو یہود و نصاری کو دوست نہ بناؤ وہ ایک دوسرے کے دوست ہیں تم میں سے جوان کو دوست رکھے گا وہ انہیں میں سے ہوگا ۔ بے شک اللہ ظلم شعار لوگوں کو ہدایت نہیں دیتا ۔ حضورؐ نے ارشاد فرمایا تم زمین والوں پر رحم کرو آسمان والا تم پر رحم کرے گا ۔ مولانا راہی نے غزہ اور فلسطین کے مسلمانوں کی نصرت خداوندی اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرنے رقت انگیز دعا کی ۔۔