مصر میں ہندوستان کا عظیم الشان تہذیبی میلہ

قاہرہ۔ 30؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ مصر میں سیاسی بے چینی سے غیر متاثر ہندوستان دوسرا عظیم الشان تہذیبی میلہ عنقریب منعقد کرے گا جس میں بالی ووڈ کے نامور موسیقار شرکت کریں گے اور متحرک باہمی تعلقات کا مظاہرہ پیش کریں گے جس کے نتیجہ میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید حرکیاتی ہوجانے کی توقع ہے۔ ہندوستان کے سفیر برائے مصر نودیپ سوری نے کہا کہ ان کے خیال میں یہ تہذیبی میلہ قابل دید ہوگا اور ہندوستان کی جانب سے فن کے مظاہرے میں بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں

جن سے باہمی تعلقات کے مزید استحکام کا امکان ہے اور خیرسگالی میں اضافہ ہوگا۔ جاریہ ہفتہ اس تہذیبی میلہ کا افتتاح ہوگا جس کا عنوان ’’ہندوستان نیل کے کنارے‘‘ رکھا گیا ہے۔ ہندوستانی سنیما کے 35 سے زیادہ رقاص 3 تا 6 اپریل اس میلہ میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ یہ تہذیبی میلہ یکم اپریل سے 20 اپریل تک جاری رہے گا۔ اس کا آغاز اوپیرا ہاؤس میں بالی ووڈ کی لو اسٹوری کی پیشکش کے ساتھ ہوگا۔ یہ ایک موسیقی ریز ڈرامہ ہے جس میں مصر کے تین شہروں اسکندریہ، ہورغدا اور لکژور کی سیاحت بھی شامل ہے۔