مصر میں پہلے مرحلے کے انتخابی نتائج ، السیسی کو کامیابی

قاہرہ ۔ 31  اکٹوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) صدر مصر عبدالفتح السیسی کا وفادار سیاسی اتحاد ملک کے پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں کامیاب بن کر اُبھرا ہے ۔ ان انتخابات کے ذریعہ عبدالفتح السیسی صدارت پر اپنی گرفت مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں جبکہ دو سال قبل انھوں نے اسلام پسند صدر محمد مرسی کو بیدخل کردیا تھا ۔ مصر کے پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلہ کے سرکاری نتائج کا اعلان کیا گیا جس میں عبدالفتح السیسی کے حامیوں نے سب سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ انتخابی کمیٹی نے 273 نشستوں کیلئے رائے دہی کے نتائج کا اعلان کیا جس میں سیسی کے اتحاد کو 60نشستوں پر کامیابی ملی ہے ۔ مصر کے پارلیمانی انتخابات میں رائے دہی 21.7 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔